پاکستان سوسائٹی آف ایمرجنسی میڈیسن کے کے انتخابات، ڈاکٹر عبدالسلام خان صدر اور ڈاکٹر شاہان وحید جنرل سیکرٹری منتخب

پاکستان سوسائٹی آف ایمرجنسی میڈیسن کے کے انتخابات، ڈاکٹر عبدالسلام خان صدر اور ڈاکٹر شاہان وحید جنرل سیکرٹری منتخب

اسلام آباد۔5مئی (اے پی پی):پاکستان سوسائٹی آف ایمرجنسی میڈیسن کے اپنی تیسری کابینہ کے انتخابات میں ڈاکٹر عبدالسلام خان صدر اور ڈاکٹر شاہان وحید جنرل سیکرٹری منتخب ہو گئے۔ پریس ریلیز کے مطابق پاکستان سوسائٹی آف ایمرجنسی میڈیسن نے اپنی تیسری کابینہ کے انتخابات کامیابی کے ساتھ منعقد کئے جن میں ملک بھر سے ایمرجنسی میڈیسن سے وابستہ ماہرین نے بھرپور شرکت کی۔ ان انتخابات میں پاکستان کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے 10 امیدواروں نے حصہ لیا، جو ایمرجنسی میڈیسن کمیونٹی میں بڑھتی ہوئی دلچسپی اور یکجہتی کی عکاسی کرتا ہے۔

شفاف اور مسابقتی انتخابی عمل کے بعد منتخب ہونے والی نئی کابینہ میں صدر ڈاکٹر عبدالسلام خان (شفا انٹرنیشنل ہسپتال)، نائب صدر ڈاکٹر عرفان حبیب (چائلڈ لائف فاؤنڈیشن)، جنرل سیکرٹری ڈاکٹر شاہان وحید (آغا خان یونیورسٹی ہسپتال، کراچی)، سوشل سیکرٹری ڈاکٹر نورالعین (آغا خان)، سیکرٹری میڈیا و پبلیکیشنز ڈاکٹر زرین قاسمی (چائلڈ لائف فائونڈیشن) شامل ہیں۔ پی ایس ای ایم کے نمائندے علی حسن سرہیو نے بتایا کہ 200 سے زائد ایمرجنسی فزیشنز اور ٹرینی ڈاکٹروں نے انتخابات میں حصہ لیا۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ووٹنگ کا عمل الیکٹرانک طریقے سے نہایت شفافیت، دیانتداری اور برابری کے اصولوں کے تحت مکمل کیا گیا۔ اس موقع پر سبکدوش ہونے والے صدر ڈاکٹر خواجہ جنید مصطفیٰ (چیف میڈیکل آفیسر، شفا انٹرنیشنل ہسپتال) نے ملک بھر کے ایمرجنسی فزیشنز پر زور دیا کہ وہ انتخابی عمل میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔

انہوں نے تمام امیدواروں کے لیے نیک تمنائوں کا اظہار بھی کیا اور ان کی کاوشوں کو سراہا۔ نئی منتخب کابینہ کی حلف برداری کی تقریب 9 مئی 2026 کو شام 5 بجے منعقد ہوگی۔