اسلام آباد۔23جنوری (اے پی پی):پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی (پی سی اے اے) نے برطانیہ، جنوبی افریقہ اور کیٹگری۔سی کے ممالک سے آنے والی براہ راست پروازوں پر سفرکرنے والے عملہ کے ارکان کے لئے انسداد کورونا کے ایس او پیز جاری کر دیئے ہیں۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی کی طرف سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ان پروازوں کے عملے کو روانگی سے 72 گھنٹے قبل پی سی آر ٹیسٹ کے منفی آنے کی صورت میں پاکستان سفرکی اجازت دی جائے گی۔ متعلقہ حکام کے ذریعے ہوائی اڈوں کی آمد اور روانگی کے کاونٹرز پر علیحدہ داخلی مقامات اور کاونٹرز قائم کر دیئے گئے ہیں تاکہ فوری کارروائی کے تحت عملہ کوکلیئرنس دی جا سکے۔ پی سی اے اے نے کہا کہ فلائٹ عملے کو پاکستان آمد پر جانچ سے مستثنیٰ قرار دیاگیا تھا، تاہم اس کا اطلاق پروازوں کے صرف اس عملہ پر ہوگا جس میں کوویڈ۔19 کی کوئی علامات ظاہر نہ ہوں۔ انہیں نامزد گاڑیوں میں پاکستان کے ہوائی اڈے پر اترنے کے بعد نامزد ہوٹلوں میں براہ راست پہنچایا جائے گا ، جس کے انتظامات متعلقہ ایئر لائن آپریٹر کریں گے۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی کی طرف سے کہا گیا ہے کہ فلائٹ عملے کا صرف مخصوص کمروں میں قیام و طعام ہوگا۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے مزید کہا کہ کووڈ۔ 19 کی علامات کے حامل عملہ کو متعلقہ صحت حکام کی اضافی جانچ پڑتال بھی کی جاسکتی ہے۔ اتھارٹی نے وضاحت کی کہ کیٹگری سی کے ممالک کے لئے پہلے سے نافذالعمل ایس او پیز بھی اسی طرح لاگو رہیں گے۔