پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کا گلگت ایئرپورٹ پر فل سکیل ہنگامی مشق

173
Pakistan Civil Aviation Authority
Pakistan Civil Aviation Authority

اسلام آباد۔9جولائی (اے پی پی):پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے گلگت ایئرپورٹ پر فل سکیل ہنگامی مشق کا انعقاد کیا جس میں سول ایوی ایشن ، ایئر پورٹ سکیورٹی فورس، پی آئی اے سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز نے بھرپور حصہ لیا ۔

ترجمان سول ایوی ایشن اتھارٹی کی طرف سے اتوار کو جاری بیان کے مطابق پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی، ریسکیو 1122، سٹی فائر بریج، لوکل پولیس اور’’کی پوائنٹ پولیس‘‘ کی ٹیموں نے بھی مشق میں حصہ لیا ۔ مشق کا آغاز ٹاور کی فائر اسٹیشن کو رن وے پر جہاز میں آگ کی ہنگامی اطلاع سے کیا گیا ۔سی اے اے کے فائر ٹینڈرز اور میڈیکل ایمبولینس نے بروقت جائے حادثہ پر پہنچ کر آگ پر قابو پایا اور زخمیوں کو بچایا۔ اے ایس ایف نے ایئر سائیڈ کے علاقے کو جبکہ پولیس نے حفاظتی باڑ کو باہر سے گھیرے میں لیا- جلد ہی ایئرپورٹ کے باہر سے ریڈ کریسنٹ ریسکیو ایمبولینسز اور سٹی فائر سروسز کی ٹیمیں بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں،

سی اے اے، پی ائی اے اور ریڈ کریسنٹ نے کونکورس ہال میں پبلک انفارمیشن کاؤنٹر قائم کیا،تمام سٹیک ہولڈرز نے ‘کرائسز اینڈ ایمرجینسی رسپونس پلان’ یعنی (سی ای آر پی) کے مطابق اپنا کردار ادا کیا۔ اس موقع پر ایئرپورٹ مینیجرنے مشق کے شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ مشقیں ہمیں کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تیار رکھتی ہیں۔انہوں نے مشق کے اختتام پر مشق میں فعال شرکت پر تمام سٹیک ہولڈرز اور رضا کاروں کا شکریہ ادا کیا۔