اسلام آباد۔5اگست (اے پی پی):پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے زیر اہتمام بھارت کے 5اگست 2019 کے غیر قانونی اقدامات کے خلاف یوم استحصال کے موقع پر کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا اورملک بھر کے ہوائی اڈوں پر مذمتی بینرز آویزاں کر کے بھارتی مظالم کو بے نقاب کیا۔ اکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ترجمان کی طرف سے جاری تفصیلات کے مطابق پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کی طرف سے پیر کو تمام ائیرپورٹس اور اس کے گردونواح میں بینرز آوزاں کئے گئے جن پر بھارت کے غیر قانونی اقدامات، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف نعرے درج کئے گئے اور کشمیری عوام کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔ اس موقع پر بھارتی حکومت کے 5 اگست 2019 کے غیر قانونی اقدامات اور بربریت کی شدید مذمت کی گئی
۔ 5 اگست 2019 کے بعد سے ہر سال یہ دن منایا جاتا ہے تاکہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کے غیر قانونی بھارتی اقدامات پر آواز اٹھائی جا سکے اور عالمی برادری کی توجہ تنازعہ کشمیر کی طرف مبذول کرائی جاتی ہے۔
ملک کے ہوائی اڈوں پر کشمیری عوام کی حمایت میں بینرز، پینا فلیکس اور جھنڈے آویزاں کئے گئے ۔ ائیرپورٹ آنے والے راستوں پر بھی احتجاجی بینرز و پوسٹرز اویزاں کئے گئے، کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے ائیرپورٹس پر دستاویزی فلمیں اور جدوجہد آزادی کے گیت بھی چلائے گئے۔ یوم استحصال کشمیر منانے کا مقصد دنیا کو یہ باور کرانا ہے کہ پاکستان کشمیریوں کی جدو جہد آزادی میں ان کے ساتھ کھڑا ہے۔