پاکستان سٹاک ایکسچینج نے نیا سنگ میل عبور کر لیا، 100 انڈیکس 126,000 پوائنٹس سےمتجاوز

38
Pakistan Stock Exchange
Pakistan Stock Exchange

اسلام آباد۔12جون (اے پی پی):سرمایہ کاروں کی آئندہ وفاقی بجٹ کے حوالے سے مثبت توقعات کے پیش نظر جمعرات کو مسلسل دوسرے روز بھی پاکستان سٹاک ایکسچینج میں تیزی کا رجحان دیکھنے میں آیا، کاروبار کے دوران 100 انڈیکس میں 1926پوائنٹس (1.55 فیصد) کا زبردست اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے بعد انڈیکس126,274 پوائنٹس کی تاریخی سطح پر پہنچ گیا،یہ پہلا موقع ہے کہ پاکستان کی سٹاک مارکیٹ نے 126,000 پوائنٹس کا سنگ میل عبور کیا ہے جو ملکی معیشت اور کاروباری برادری کے لیے اہم اور حوصلہ افزا پیش رفت ہے۔

آج کے کاروباری سیشن کے دوران مجموعی طور پر 372 کمپنیوں کے شیئرز کا لین دین ہوا جن میں سے 279 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ، 84 میں کمی جبکہ 9 کمپنیوں کے حصص کی قیمتیں مستحکم رہیں۔ سرمایہ کاروں نے خاص طور پر آٹوموبائل اسمبلرز، سیمنٹ، کیبل و الیکٹریکل گڈز، کیمیکل اور کمرشل بینکنگ کے شعبوں میں بھرپور دلچسپی کا مظاہرہ کیا جو کہ مستقبل میں ان سیکٹرز کی کارکردگی کے حوالے سے مثبت اعتماد کا اظہار ہے۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ گزشتہ روز بھی مارکیٹ میں 2,000 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا جس کے نتیجے میں انڈیکس نے پہلی بار 124,000 پوائنٹس کی حد کو عبور کیا ۔پاکستان سٹاک ایکسچینج کی موجودہ کارکردگی اسے دنیا کی تیزی سے ابھرتی ہوئی مارکیٹوں میں شامل کر رہی ہے اور یہ رجحان سرمایہ کاروں کے اعتماد، اقتصادی پالیسیوں میں استحکام اور بہتر معاشی اشاریوں کا عکاس ہے۔