اسلام آباد ۔ 24 اکتوبر (اے پی پی) پاکستان سٹاک ایکسچینج نے ملکی تاریخ کی سب سے بڑی پیشکش کا اجراء کرتے ہوئے پاکستان انرجی سکوک کو سرمایہ کاری کے لئے پیش کر دیا ہے۔ پاکستان انرجی سکوک مکمل طور پر شریعہ کمپلائنٹ فنانشل انسٹرومنٹ ہے جو کہ 10 سال کی مدت کے لئے اجارہ کی بنیاد پر جاری کیا گیا ہے۔ 200 ارب روپے کی اس پیشکش میں مالیاتی ادارے اور ملکی و غیر ملکی افراد براہ راست سرمایہ کاری کر سکیں گے۔ کسی بھی سرکاری کمپنی کی جانب سے پہلی مرتبہ سکوک کو براہ راست سرمایہ کاری کے لئے مارکیٹ میں پیش کیا گیا ہے جس کا مقصد توانائی کے شعبے میں سرمائے کی فراہمی ہے۔ اس سکوک کے اجراء سے ملکی سکوک مارکیٹ کو بھی فروغ حاصل ہو گا۔ حکومت پاکستان کی ملکیت، پاور ہولڈنگ لمیٹڈکی جانب سے جاری یہ سکوک پاکستان انر جی سکوک ضوابط 2019 کے تحت جاری کیا گیا ہے۔ اس سکوک کے اجراء نے شریعہ کمپلائنٹ مارکیٹ میں سرمایہ کاری کرنے والوں کو اہم مواقع فراہم کئے ہیں جبکہ اس اجراء سے دوسرے اہل سرمایہ کاروں بشمول انفرادی سرمایہ کاروں کو بھی ثانوی مارکیٹ میں سرمایہ کاری کا موقع ملے گا۔ ابتدائی طورپر اس اجراء کو پرائیویٹ پلیسمنٹ کے ذریعے بینکوں کی کنسورشیم کے ذریعے خریدا گیا تھا۔ مذکورہ اجراء کی لسٹنگ سے دوسرے اہل سرمایہ کاروں بشمول انفرادی سرمایہ کاروں کو بھی ثانوی مارکیٹ میں سرمایہ کاری کا موقع ملے گا۔ ابتدائی طور پر اس سکوک کو اسلامک بینکوں کے کنسورشئیم نے پرائیویٹ پلیسمنٹ کے ذریعے سبسکرائب کیا جبکہ اب اسے عوامی سرمایہ کاری کے لئے پیش کر دیا گیا ہے۔ پاور ہولڈنگ لمیٹڈ مزید سکوک جاری کرنے کا ارادہ بھی رکھتی ہے۔