اسلام آباد۔6اکتوبر (اے پی پی):وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے امور نوجوانان شیزہ فاطمہ خواجہ نے کہاہے کہ پاکستان سٹریٹ چائلڈ فٹ بال ٹیم قطر میں ہونے والے سٹریٹ چائلڈ فٹ بال ورلڈ کپ میں ملک کی نمائندگی کرے گی، وزیراعظم یوتھ پروگرام ٹیلنٹ ہنٹ یوتھ سپورٹس لیگ کے ذریعے کھیلوں کے شوقین نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کر رہا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو پریس کانفرنس کے دوران کیا۔
انہوں نے مستحق بچوں کے لئے کام کرنے والی تنظیم مسلم ہینڈز کو سراہا اور پاکستان کی سٹریٹ چائلڈ فٹ بال ٹیم کوٹرائلز کے ذریعے منتخب کر کے عالمی معیار کی تربیتی سہولیات فراہم کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ معاونِ خصوصی نے کہا کہ مسلم ہینڈزکی پاکستان میں مستحق بچوں کے لئے خدمات قابل تحسین ہیں اور پاکستان سٹریٹ چائلڈ فٹ بال ٹیم مسلم ہینڈز کے بہترین کام کی واضح دلیل ہے، سٹریٹ چائلڈ فٹ بال ٹیم کا انتخاب ملک کے 17 شہروں میں ٹرائلز کے بعد کیا گیا ہے۔
شیزہ فاطمہ خواجہ نے کہا کہ اس وقت پاکستان میں کئی لاکھ بچے بنیادی سہولیات اور کفالت سے محروم ہیں، یہ ہماری سماجی ذمہ داری ہے کہ ہم ان کی بہتری کے لئے کام کریں اور انہیں ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کی کوشش کریں، اس حوالہ سے سٹریٹ چائلڈ فٹ بال ٹیم کی کامیابی ایک نہایت مثبت پیش رفت ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم ہینڈز آرگنائزیشن نے پاکستان میں 17 فٹ بال اکیڈمیز قائم کی ہیں، مستقبل میں پرائم منسٹر یوتھ پروگرام، مسلم ہینڈز کو ملک میں مزید اکیڈمیز کے قیام کے لئے ہر ممکن مدد فراہم کرے گا۔
معاونِ خصوصی نے کہا کہ پرائم منسٹرز یوتھ پروگرام ٹیلنٹ ہنٹ یوتھ اسپورٹس لیگ کے ذریعے کھیلوں کے شوقین نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کر رہا ہے۔انہوں نے پاکستان سٹریٹ چائلڈ فٹ بال ٹیم کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کے گزشتہ کارکردگی کو مدنظر رکھتے ہوئے پاکستان سٹریٹ چائلڈ فٹ بال ٹیم ورلڈ چیمپئن بننے کی مضبوط دعویدار ہے۔