اسلام آباد۔14جنوری (اے پی پی):وزیر سائنس اور ٹیکنالوجی خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ پاکستان سٹینڈرڈز اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی کے ڈی جی کی تقرری وزیر اعظم ہائوس نے کرنی ہے اور یہ عمل ابھی تکمیل کے مرحلے میں ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ تقرری جلد مکمل ہونے کا امکان ہے۔منگل کوسینیٹ اجلاس کے دوران سینیٹر دنیش کمار نے پاکستان سٹینڈرڈز اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی (پی ایس کیو سی اے) کے حوالے سے سوالات کئے ۔
انہوں نے نشاندہی کی کہ ادارے میں متعدد افسران کو "دیکھ بھال کے چارج” پر کام کرنے کے لیے تعینات کیا گیا ہے اور یہ پورا محکمہ اس عارضی انتظام کے تحت چلایا جا رہا ہے۔خالد مقبول صدیقی نے جواب میں کہا کہ پی ایس کیو سی اے جیسے اہم ادارے کی کارکردگی اور شفافیت کو بہتر بنانے کے لیے فوری اقدامات کئے جارہے ہیں اور آ ئند ہ چند مہینوں میں بہتری نظر آ ئے گی۔