پاکستان سپرلیگ فائیو، فرنچائزڈ نے پریکٹس سیشن کا آغاز کردیا

193

کراچی ۔10نومبر (اے پی پی):پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) فائیو کی فرنچائزڈ کراچی کنگز اور ملتان سلطان نے منگل کو حنیف محمد ہائی پرفارمنس سنٹرکراچی میں دوپہر 12:30 بجے پریکٹس سیشن کا آغاز کیا جبکہ شام 6 بجے لاہور قلندرز نے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پریکٹس سیشن کیا۔پی ایس ایل کی فرنچائزڈ کراچی کنگز کے میڈیا منیجر فیصل مرزا نے ”اے پی پی” سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری ٹیم کی پہلی پریکٹس تھی اور بدھ کو قومی ٹیم میں شامل ہماری کراچی کنگز کے تمام کرکٹرز دستیاب ہوجائیں گے جس کے بعد ہماری ٹیم کا بھرپور پریکٹس سیشن ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ ہماری ٹیم میں شامل کچھ کھلاڑی زمبابوے سے میچ کھیلنے میں مصروف تھے جس کی وجہ سے وہ آج کی پریکٹس میں دستیاب نہیں ہوسکے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ کراچی کنگز میں شامل غیر ملکی کرکٹرز ایلکس ہیلز،چیڈرک ولٹن اورکیمرون ڈیلپورٹ نے پریکٹس سیشن میں شرکت کی ہے۔ ملتان سلطان کے میڈیا منیجر حیدر اظہر نے بتایا کہ ہماری ٹیم ملتان سلطان نے ڈھائی سے پونے تین گھنٹے تک حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر میں پریکٹس کی ہے اور بدھ کو ہماری ٹیم کا پریکٹس میچ پشاور زلمی کے ساتھ نیشنل اسٹیڈیم میں ہوگا جبکہ جمعرات کو ہماری ٹیم لاہور قلندرز کے ساتھ پریکٹس میچ کھیلے گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ہماری ٹیم کے غیرملکی کھلاڑی روی بھوپارا،روسو، ایڈم لائٹ آچکے ہیں جبکہ عمران طاہر گذشتہ روز یہاں پہنچے تھے اور وہ قرنطینہ پوری کررہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کووڈ کے شکار ہمارے دو غیر ملکی کرکٹر محمود اللہ اور جیمزوینس کی جگہ بریڈنگ ٹیلر اور جوبلینگلی کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے اور یہ کھلاڑی بدھ کی صبح تک آجائیں گے جس کے بعد وہ اپنی قرنطینہ مکمل کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ شاہد آفریدی کسی وجہ سے تاحال جوائن نہیں کرسکے اور امید ہے کہ وہ بھی بدھ کی صبح تک جوائن کرلیں گے۔لاہور قلندرز کے سمین رانا نے بتایا کہ ہماری ٹیم نے پریکٹس سیشن کیا ہے اور ہمارے غیرملکی تمام کھلاڑی آچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بین ڈین قرنطینہ میں ہیں اور ان کا قرنطینہ کا وقت مکمل نہیں ہوا ہے جبکہ دیگر تمام غیرملکی کرکٹرز نے پریکٹس سیشن میں شرکت کی ہے اور تمام کرکٹرز اچھا پرفارم کررہے ہیں۔یاد رہے کہ کورونا وائرس کی وبا کے باعث مارچ میں پاکستان سپر لیگ کے کے آخری چار میچ ملتوی کردئیے گئے تھے جن کا انعقاد اب 14، 15 اور 17 نومبر کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کیا جارہاہے۔