کراچی۔ 11 نومبر (اے پی پی):پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل)فائیو کی فرنچائزڈ کراچی کنگز، ملتان سلطان ، لاہور قلندرز اور پشاور زلمی نے پلے آف میچز کی تیاری کے سلسلے میں نیشنل اسٹیڈیم اور معین خان اکیڈمی میں پریکٹس سیشن کے آغاز کے ساتھ پریکٹس میچز بھی کھیلنے شروع کردئیے۔پاکستان سپر لیگ کی تیاری کے لئے نیشنل اسٹیڈیم میں بدھ کو کھیلے گئے ایک پریکٹس میچ میں ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کو 22 رنز سے شکست دے دی۔ نیشنل اسٹیڈیم میں بدھ کو کھیلے گئے میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کو 195 رنز کا ہدف دیا تھا جواب میں پشاور زلمی 172 رنز بناسکی۔ ملتان سلطان کے شان مسعود نے 66 اور روی بوپارہ نے 57 ارنز بنائے جبکہ رائلی روسو نے 43 اور ایڈم لیتھ نے 25 رنز بنائے۔ پشاور زلمی کے صہیب مقصود نے 80 اور امام الحق نے 49 رنز بنائے۔ ملتان سلطانز کے محمد عرفان دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ یاد رہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے ملتوی ہونے والے پاکستان سپر لیگ سیزن فائیو کے فاتح کا فیصلہ کرنے کے لئے باقی ماندہ چار میچز کا آغاز رواں ماہ کی 14 تاریخ سے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہوگا،پلے آف مرحلے میں شرکت کے لئے غیر ملکی کھلاڑی کراچی پہنچ چکے ہیں۔چاروں ٹیمیں علیحدہ علیحدہ پریکٹس سیشنز میں حصہ لے رہی ہیں جبکہ ایک دوسرے کے مقابلے میں پریکٹس میچز بھی کھیل رہی ہیں۔جسمانی ورزش کے ساتھ بولنگ،بیٹنگ اور فیلڈنگ پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔پلے آف مرحلے کے میچز میں 21غیر ملکی کرکٹرز شرکت کریں گے۔ ٹیموں کی حفاظت اور میچوں کے پرامن انعقاد کے لئے اسٹیڈیم اور اطراف میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ پی ایس ایل کی فرنچائزڈ ٹیموں ملتان سلطان، کراچی کنگز، لاہور قلندرز اور پشاور زلمی کے اسکواڈ کو سخت سیکیورٹی فراہم کی جارہی ہے جبکہ پریکٹس کے لئے بھی تمام ٹیموں کو سخت سیکوریٹی دی گئی ہے۔ ٹریفک پولیس کے مطابق لیاقت آباد نمبر10 سے آنے والی ٹریفک کو حسن اسکوائر پل سے نیوٹائون کی جانب موڑ دیا گیا ہے۔ نیپا سے حسن اسکوائر جانے والی ٹریفک کو بھی نیوٹائون کی جانب بھیجا جا رہے جبکہ نیشنل اسٹیڈیم فلائی اوور ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کردیا گیا ہے۔ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کیلئے ٹریفک اہلکار موقع پرموجود ہیں جبکہ نیشنل اسٹیڈیم کے اطراف اور اندر پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے۔