کراچی۔17نومبر(اے پی پی):پاکستان سپر لیگ فائیو کے فائنل میں لاہور قلندرز نے کراچی کنگز کو پی ایس ایل فائیو کی ٹرافی کے حصول کے لئے 135 رنز کا ہدف دے دیا۔نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں منگل کو کھیلے جارہے میچ میں قلندرز نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 134 بنائے۔ اس سے پہلے لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔لاہور قلندرز کے اوپننگ بٹسمینوں تمیم اقبال اور فخرزمان نے ابتدائی 5 اوورز کے پاور پلے کے دوران 6 رنز فی اوور کی اوسط صرف 30رنز بنائے جس میں جارحانہ بیٹنگ کی صلاحیت رکھنے والے تمیم اقبال کے 10اور فخرزمان کے 17 شامل تھے جبکہ 3 اضافی رنز بنے ۔ جبکہ 10 اوورز میں 6.8 کی اوسط سے 68 رنز بنائے جس کی فوری بعد تمیم اقبال ایک چھکے اور 4 چوکوں کی مدد سے 38 بالز کا سامنا کرتے ہوئے35 رنز بناکر عمید آصف کی گیند پر ڈیپ مڈ وکٹ کے اوپر سے شارٹ کھیلنے کی کوشش میں افتخار احمد کی ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے۔فخر زمان سے کچھ امیدیں وابسطہ تھیں لیکن وہ بھی 24 بالز پر 4 چوکوں کی مدد سے 27 رنز بنانے کے بعد عمید آصف کی گیند پر لیگ سائیڈ پر اونچا شارٹ کھیلا جہاں بال کی نیچے دو فیلڈر موجودتھے لیکن افتخار احمد نے کیچ کرنے کی کال دی اور اس طرح فخرزمان کیچ ہوگئے۔قلندرز کی 68 رنز پر پہلی، 69 پر دوسرے اور 70 رنز پر تیسری وکٹ یکے بعد دیگرے گر گئیں۔ تیسرے آئوٹ ہونے والے بیٹسمین محمد حفیظ صرف 2 رنز بنانے کے بعد عماد وسیم کی گیند پربابر اعظم کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے۔ پانچویں نمبر پر بیثنگ کے لئے آنے والے بیٹمین سمت پٹیل8 بالز پر 5 رنز بنانے کے بعد ارشد اقبال کی گیند پر وقاص مقصود کی گیند پر کیچ ہوئے جبکہ وکٹ کیپر بیٹسمین بین ڈنک بھی اپنی جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ نہیں کرسکے اور جب مجموعی اسکور 97رنز پر پہنچا تو وہ انفرادی اسکور 11 رنز پر ارشد اقبال کی گیند پر آئوٹ ہوگئے، ان کے کیچ بابراعظم نے ڈیپ مڈ وکٹ پر لیا۔ کپتان سہیل اختر نے وقاص مقصود کی گیند پر ڈیپ مڈ وکٹ پر اونچا شارٹ کھیلا جہاں کوئی فیلڈر موجود نہیں تھا لیکن روتھر فورڈ نے بھاگتے ہوئے آگے کی جانب چھلانگ لگا کر کیچ لے لیا، اس طرح کپتان 14بالز پر ایک چوکے کی مدد سے 14 رنز بناکر آئوٹ ہوگئے۔محمد فیضان رن بنائے بغیر وقاص مقصود کی گیند پر افتخار احمد کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔ڈیوڈ ویزے نے 14 بالز پر ایک چوکے کی مدد سے 14 رنز بنائے اور ناٹ آئوٹ رہے جبکہ شاہین آفریدی نے 4بالز پر ایک چھکا اور ایک چوکے کی مدد سے 12 رنز بناکر ناٹ آئوٹ رہے۔کنگز کے وقاص مقصود، عمید آصف اور ارشد اقبال نے دو دو کھلاڑیوں کو پویلین کا راستہ دکھایا جبکہ عماد وسیم نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ لاہور قلندرز کی قیادت سہیل اختر کررہے ہیں جبکہ دیگر پلیئرز میں فخرزمان، تمیم اقبال (بنگلہ دیش)، محمد حفیظ، وکٹ کیپر بین ڈنک ( آسٹریلیا)، سمت پٹیل (انگلینڈ)، ڈیوڈ ویزے (جنوبی افریقہ)، ، محمد فیضان، شاہین آفریدی،حارث رئوف اور دلبر حسین شامل ہیں۔کراچی کنگز کی قیادت عماد وسیم کررہے ہیں جبکہ دیگر کرکٹرز میں بابر اعظم ،شرجیل خان ، ایلکس ہیلز(انگلینڈ)، عمید آصف،وکٹ کیپر چیڈوک والٹن (ویسٹ انڈیز)، محمد عامر ، وقاص مقصود،روتھر فورڈ (ویسٹ انڈیز)،افتخار احمد اور ارشد اقبال شامل ہیں۔امپائرنگ کے فرائض مائیکل گوف اور علیم ڈار ادا کررہے ہیں جبکہ احسن رضا ٹی وی امپائر ہیں۔