لاہور۔ 14 فروری (اے پی پی)پاکستان سپر لیگ فور میں آج 15فروری کو دوبئی میں کراچی کنگز اور ملتان سلطانز کی ٹیمیں ٹکرائیں گی ۔دونوں ٹیموں کے مابین ڈے اینڈ نائٹ ٹی ٹوئنٹی میچ پاکستانی وقت کے مطابق ساڑھے چار بجے سہ پہر ہوگا ۔دونوں ٹیموں کے مابین کانٹے دار میچ کی توقع کی جارہی ہے ،کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم اور ملتان سلطانز کی قیادت شعیب ملک کررہے ہیں ۔پی ایس ایل کے گزشتہ ایونٹ میں کراچی کنگز نے دس میچز میں سے پانچ میں فتح پائی تھی،چار میں شکست ہوئی اور ایک کا نتیجہ نہیں نکل سکا تھا اور اس کے گیارہ پوائنٹس تھے جبکہ ملتان سلطانز نے دس میچز میں سے چار میچز جیتے، پانچ ہارے اور ایک کا نتیجہ نہیں نکل سکا۔پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز ٹیم کراچی کنگز کی کارکردگی میں پی ایس ایل کے پہلے ایونٹ کے مقابلے میں کافی بہتری ہوئی ہے۔کراچی کنگز نے پی ایس ایل کے 2016ءمیں ہونے والے پہلے ایونٹ میں صرف دو میچز میں کامیابی حاصل کی تھی اور پوائنٹ ٹیبل پر اس کا چوتھا نمبر تھا ۔لیکن پی ایس ایل ٹو میں ان کا تیسرا اور پی ایس ایل تھری میں اس کا دوسرا نمبر تھا اور ٹیم کے کرتا دھرتاﺅں کو یقین ہے کہ 14فروری سے یو اے ای اور پاکستان میں ہونے والی پی ایس ایل فور میں ان کی ٹیم کا پہلا نمبر ہوگا ۔ پچھلے سال ہونے والی پی ایس ایل میں کراچی کنگز کے دو کلیدی کھلاڑی کپتان عماد وسیم اور آل راﺅنڈر شاہد آفریدی زخمی ہوگئے تھے ۔کراچی کنگز کو اس سال بھی شاہدآفرید ی کی خدمات حاصل نہ ہوگی کیونکہ انہوں نے اس بار ملتان سلطان کی ٹیم میں شمولیت اختیار کرلی ہے ۔تاہم عماد وسیم کی واپسی سے ٹیم مضبوط ہوگی جبکہ بابر اعظم اور کولن منرو کی وجہ سے بیٹنگ لائن بھی مضبوط ہے ۔دونوں کھلاڑیوں کی طرف سے بہترین پرفارمنس کا سلسلہ جاری ہے جبکہ کولن انگرام بھی اچھے کھلاڑی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ پی ایس ایل کھیلنے کےلئے پرجوش ہیں ۔پچھلے سال پہلی بار پی ایس ایل میں کھیلا تھا تو بہت لطف اندوز ہوا ۔میری ٹیم باصلاحیت کھلاڑیوں پر مشتمل ہے اور کراچی کنگز پی ایس ایل میں اچھی پرفارمنس کا مظاہرہ کرے گی۔کراچی کنگز کی ٹیم کے غیر ملکی کھلاڑیوں میں کولن منرو ( نیوزی لینڈ )کولن انگرام ( ساﺅتھ افریقہ)،روی بوپارا( انگلینڈ ) سکندر رضا ( زمبابوے)آرون سمرز ( آسٹریلیا )بین ڈنک ( آسٹریلیا ) لیام لیونگ سٹون ( انگلینڈ ) جبکہ مقامی کھلاڑیوں میں محمد عامر ،بابر اعظم ،عماد وسیم ،عثمان شنواری ،محمد رضوان ،اویس ضیاء،اسامہ میر ،سہیل خان ،افتخار احمد ،علی عمران ،ابرابر احمد ،عامر یامین ،جاہد علی اور عمر خان شامل ہیں ۔پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز ٹیم ملتان سلطانز علی ترین کی ملکیت ہے اور اس کا شمار ٹورنامنٹ کی سب سے مہنگی ٹیم میں ہوتا ہے۔ ٹورنامنٹ سے قبل ہی اپنے ایک اہم کھلاڑی آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے اسٹیو اسمتھ کی خدمات سے محروم ہوگئی تھی ۔سٹیو اسمتھ کہنی کی انجری کے باعث ان فٹ ہوکر ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئے۔ملتان سلطانز کی یہ دوسری لیکن نئے مالکان کے ساتھ پہلی پی ایس ایل ہے ۔قیادت کی ذمہ داری بدستور شعیب ملک کے سپرد ہے جو کہ پاکستان کے واحد بلے باز ہیں جو کہ ٹی ٹوئنٹی میں 8000سکور بناچکے ہیں۔ شاہد آفریدی، نکولس پورن اور آندرے رسل کی آمد سے یہ سکواڈ مضبوط ہوا ہے۔آندرے رسل ویسٹ انڈیز کیطرف سے 2012ءاور 2016ءکے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی فاتح ٹیم کا حصہ تھے جبکہ وہ پی ایس ایل کو دوبارہ جیتنے والی اسلام آباد یونائیٹڈ کا بھی حصہ رہے ۔فاسٹ باﺅلنگ میں طویل قامت محمد عرفان اور جنید خان موجود ہیں تاہم توجہ کا مرکز محمد عباس ہوں گے، جو حال ہی میں آئی سی سی کی سال کی بہترین ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ملتان سلطان کے غیر ملکی کھلاڑیوں میں آندرے رسل (ویسٹ انڈیز)جیمز ونس ( انگلینڈ )قیس احمد ( افغانستان )،نکولس پوران ( ویسٹ انڈیز ) لوری ایونز ( انگلینڈ )،دانیال کرسچن ( آسٹریلیا )ٹوم مورز( انگلینڈ ) شامل ہیں جبکہ مقامی کھلاڑیوں میں شعیب ملک ،شاہد آفریدی ،جنید خان ،محمد عرفان ،شان مسعود ،محمد عباس ،محمد عرفان خان ،عمر صدیق ،نعمان علی ،محمد جنید ،محمد الیاس ،علی شفیق ،شکیل انصر اور حماد اعظم شامل ہیں۔