راولپنڈی۔18مئی (اے پی پی):پاکستان سپر لیگ میں صحت سے متعلق مسائل پر شعور اجاگر کرنے کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے (کل)پیر کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں "پنک ڈے” منایا جائے گا۔ یہ دن چھاتی کے سرطان سے آگاہی کی مہم کا حصہ ہے جس کا مقصد خواتین میں بریسٹ کینسر سے متعلق شعور اجاگر کرنا اور اس کی بروقت تشخیص کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔ پی ایس ایل 10 کا آخری لیگ میچ اسلام آباد یونائیٹڈ اور کراچی کنگز کے درمیان کھیلا جائے گا۔ پی سی بی کی طرف سے جاری اعلامیے کے مطابق یہ میچ ایک خاص موقع ہو گا کیونکہ اسٹیڈیم کو گلابی رنگ سے روشن کیا جائے گا۔
پی ایس ایل کی کارپوریٹ سوشل رسپانسبلٹی کے تحت یہ اقدام پنک ربن مہم کی حمایت میں کیا جا رہا ہے تاکہ چھاتی کے کینسر سے متعلق شعور اجاگر کیا جا سکے۔ اس سے قبل 3 مئی کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان میچ کے دوران "چائلڈ کینسر” آگاہی کا دن بھی منایا گیا تھا۔ پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلمان نصیر کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل نے ہمیشہ صحت سے متعلق مسائل پر شعور اجاگر کرنے اور فلاحی مقاصد کے لیے اپنی ذمہ داری نبھائی ہے۔
چھاتی کا کینسر کئی زندگیاں متاثر کرتا ہے اس لیے اس کی جلد تشخیص اور متاثرہ افراد کی مدد انتہائی ضروری ہے۔ جیسے ہم نے بچوں کے کینسر سے متعلق آگاہی کا دن منایا اسی طرح اب ہم ایک بار پھر پی ایس ایل کے پلیٹ فارم سے چھاتی کے کینسر کے بارے میں شعور اجاگر کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے شائقین سے اپیل کی کہ وہ گلابی لباس پہن کر اسٹیڈیم آئیں اور اس مہم کا حصہ بنیں۔
اسلام آباد یونائیٹڈ میچ میں خصوصی طور پر تیار کردہ گلابی تھیم والی کٹس پہن کر میدان میں اترے گی جبکہ کراچی کنگز کے کھلاڑی اور میچ آفیشلز گلابی ٹوپیاں پہنیں گے۔ میچ کے دوران کھلاڑی، آفیشلز، کوچنگ سٹاف اور کمنٹیٹرز گلابی ربن بھی پہنیں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ راولپنڈی اسٹیڈیم میں استعمال ہونے والے اسٹمپس کو بھی گلابی رنگ سے برانڈ کیا جائے گا۔
اسٹیڈیم کے ڈیجیٹل اسکرینز اور ایل ای ڈی بورڈز پر چھاتی کے کینسر سے متعلق آگاہی کے پیغامات نشر کیے جائیں گے اور کمنٹیٹرز لائیو کمنٹری میں بھی آگاہی پیغامات شامل کریں گے۔ مزید برآں ہولی فیملی ہسپتال، بینظیر بھٹو ہسپتال اور راولپنڈی ٹیچنگ اسپتال (ڈی ایچ کیو) کے تعاون سے میچ کی ہر ٹکٹ ایک مفت میڈیکل چیک اپ اور اسکریننگ واؤچر کے طور پر بھی استعمال کی جا سکے گی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=598536