پاکستان سپر لیگ میں کراچی کنگز کا شاندار کھیل ، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی

142
پاکستان سپر لیگ میں کراچی کنگز کا شاندار کھیل ، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی

راولپنڈی ۔6مارچ (اے پی پی):پاکستان سپر لیگ کے اہم میچ میں کراچی کنگز نے شاندار کم بیک کر کے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو بآسانی 7 وکٹوں سے شکست دے کر 2 قیمتی پوائنٹس حاصل کر لیے ، فاتح ٹیم نے 119 رنز کا ہدف 16 ویں اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا ۔

ٹم سیفرٹ نے 49 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی ، حسن علی نے 4 وکٹیں حاصل کیں ، انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔واضح رہے کہ کراچی کنگز کی یہ مسلسل تین شکستوں کے بعد پہلی کامیابی ہے ۔بدھ کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے لیگ کے 22 ویں میچ میں کراچی کنگز کے کپتان شان مسعود نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 19.1 اوورز میں 118 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی ۔سعود شکیل 33 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے ۔

جیسن رائے 15 ، خواجہ نافع 17 ، کپتان رائیلی روسو 10 ، سرفراز احمد 7 ، شرفین ردرفورڈ 9 ، عقیل حسین 14 ، محمد عامر 2 ، محمد حسنین 5 اور عثمان طارق ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔کراچی کنگز کی جانب سے حسن علی شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کیا اور 15 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کیں۔ بلیسنگ مزرابانی اور زائد محمود نے دو ، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا

، جواب میں کراچی کنگز نے مطلوبہ ہدف 15.3 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا ۔ ٹم سیفرٹ نے 30 گیندوں پر 49 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی جس میں 2 چھکے اور 6 چوکے شامل تھے۔

شعیب ملک نے 2 چھکوں کی مدد سے ناقابل شکست 27 رنز بنائے ، جیمز ونس 27 اور کپتان شان مسعود 7 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے عقیل حسین ، محمد عامر اور ابرار احمد نے ایک ، ایک وکٹ حاصل کی ، حسن علی کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔