دبئی ۔ 13 فروری (اے پی پی) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے زیر اہتمام پاکستان سپر لیگ ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ کے چوتھے ایڈیشن کا آغاز (آج) جمعرات سے رنگارنگ افتتاحی تقریب کے ساتھ ہو گا۔ اے بی ڈی ویلیئرز اور کولن منرو سمیت نامور انٹرنیشنل کھلاڑی مختلف ٹیموں کی طرف سے ایکشن میں دکھائی دیں گے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم ٹائٹل کا دفاع کرے گی اور اس نے ٹائٹلز کی ہیٹرک مکمل کرنے پر نظریں مرکوز کر رکھی ہیں۔ دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز کے خلاف افتتاحی میچ سے ٹائٹل دفاع مہم کا آغاز کرے گی۔ 17 مارچ تک جاری رہنے والے ایونٹ میں 6 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کیلئے قسمت آزمائی کریں گی جن میں اسلام آباد یونائیٹڈ، لاہور قلندرز، کراچی کنگز، ملتان سلطانز، پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز شامل ہیں۔ لیگ میں شریک ہر ٹیم 10، 10 میچز کھیلیں گی جن میں سے ٹاپ فور ٹیمیں ناک آﺅٹ مرحلے تک رسائی حاصل کریں گی۔ سابق جنوبی افریقن بلے باز اے بی ڈی ویلیئرز پہلی بار لیگ میں حصہ لیں گے۔ لاہور قلندرز نے ان کی خدمات حاصل کر رکھی ہیں۔ محمد سمیع اسلام آباد یونائیٹڈ، عماد وسیم کراچی کنگز، محمد حفیظ لاہور قلندرز، شعیب ملک ملتان سلطانز، ڈیرن سیمی پشاور زلمی اور سرفراز احمد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی قیادت کریں گے۔ شاہد خان آفریدی جو کہ پشاور زلمی اور کراچی کنگز کی نمائندگی کر چکے ہیں اس بار ملتان سلطانز کی نمائندگی کریں گے۔ مصباح الحق جو کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی قیادت کر چکے ہیں وہ اس مرتبہ پشاور زلمی کا حصہ ہوں گے۔ واضح رہے کہ دو ٹاپ ٹیموں کے درمیان فائنل 17 مارچ کو کھیلا جائے گا۔