اسلام آباد۔9مئی (اے پی پی):پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ایچ بی ایل پی ایس ایل 10 کے باقی آٹھ میچز کو ملتوی کرنے کا اعلان کیا ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کی صورتحال مزید خراب ہوئی ہے، بھارت کی جانب سے 78 ڈرونز کی دراندازی اور زمین سے زمین تک مار کرنے والے میزائلوں کا استعمال سامنے آیا ہے۔
یہ فیصلہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت پر کیا گیا ہے، جنہوں نے بھارتی جارحیت کے پیش نظر مشورہ دیا کہ موجودہ حالات میں پوری قوم کی توجہ اور جذبات پاکستان کی مسلح افواج کی جرأت مندانہ کوششوں کی طرف ہونے چاہئیں جو مادر وطن کی خودمختاری کا بہادری سے دفاع کر رہی ہیں۔پی سی بی اور تمام کھلاڑی شہداء کے اہل خانہ اور ملک کا دفاع کرنے والے سکیورٹی اہلکاروں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔
پی سی بی اپنے پارٹنرز، فرنچائزز، کھلاڑیوں، براڈکاسٹرز، سپانسرز اور منتظمین کی کاوشوں اور تعاون کا معترف ہے جن کی مدد سے ٹورنامنٹ اب تک بخوبی جاری رہا تاہم کرکٹ جو کہ خوشی اور اتحاد کا ذریعہ ہے، ایسے نازک وقت میں ایک باوقار توقف کا تقاضا کرتی ہے،ہم پی سی بی میں شرکت کرنے والے کھلاڑیوں کی ذہنی صحت، غیر ملکی کھلاڑیوں کے جذبات اور ان کے اہل خانہ کی تشویشات کا بھی مکمل احترام کرتے ہیں، جو چاہتے ہیں کہ ان کے عزیز محفوظ طریقے سے گھر واپس جائیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=595018