پاکستان سپر لیگ کے ملتوی ہونے کا افسوس ہے، کورونا وائرس کے باعث پاکستان کرکٹ بورڈ نے مجبوری میں پی ایس ایل ملتوی کیا،سرفراز احمد

54
Sarfraz Ahmed
Sarfraz Ahmed

کراچی۔6مارچ (اے پی پی):قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 6 کی فرنچائزڈ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ پاکستان سپر لیگ کے ملتوی ہونے کا افسوس ہے، کورونا کے باعث پاکستان کرکٹ بورڈ نے مجبوری میں پی ایس ایل ملتوی کیا، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم نے پہلی چار شکت کے بعد فاتحانہ پیش قدمی کا آغاز کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو شجر کاری مہم کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔قبل ازیں سرفراز احمد اور انورعلی نے نیا ناظم آباد میںآم کا پودا لگا کرشجرکاری مہم کا افتتاح کیا۔

اس موقع پر قومی کرکٹر انور علی، چیف ایگزیکٹیو آفیسر نیا ناظم آباد صمد حبیب، صدر نیا ناظم آباد جمخانہ سید محمد طلحہ، صدر نیشنل فورم آف انوائرمنٹ اینڈ ہیلتھ نعیم قریشی، منیجر سیلز اینڈ مارکیٹنگ نیا ناظم آباد احمر رضوی اور دیگر بھی موجود تھے۔ سرفراز احمدنے کہا ہے کہ نیا ناظم آباد ایک مثالی ہائوسنگ سوسائٹی ہے جہاں صحت تعلیم اور کھیلوں کی سہولیات بہترین انداز میں موجود ہیں اور یہاں ماحولیات کے اعتبار سے بہت خوبصورت انداز میں شجرکاری کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ میں خود بھی یہاں مقیم ہوں۔سرفراز احمد نے کہا کہ محمد رضوان سے کوئی مسئلہ نہیں، کچھ لوگ بلاوجہ میرے اور رضوان کے درمیان جھگڑے کی فضا پیدا کرنا چاہتے ہیں، رضوان نے تینوں فارمیٹس کے بعد پی ایس ایل میں بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا، رضوان با صلاحیت کھلاڑی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب بھی پی ایس ایل ٹورنامنٹ دوبارہ شروع ہوا، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اپنی جیت کا سلسلہ جاری رکھے گی۔

ایک سوال پر سرفراز احمد نے کہا کہ شہنشاہ ٹی ٹونٹی کرس گیل کی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز میں شمولیت خوش آئند تھی۔ سرفراز احمد نے نیا ناظم آباد میں الحبیب میڈیکل سینٹر کے مختلف شعبوں کا معائنہ بھی کیا اور پرستاروں کے ساتھ سیلفیاں بھی بنوائیں۔