پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کی ٹرافی کی تقریب رونمائی

101
APP58-16 KARACHI: March 16 – Captain Quetta Gladiators Sarfraz Ahmad and Captain Peshawar Zalmi Daren Sammi displaying the PSL trophy at National Stadium. APP photo by Rana Imran

کراچی۔ 16 مارچ (اے پی پی) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چوتھے ایڈیشن کی ٹرافی کی تقریب رونمائی نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں منعقد کی گئی۔ ہفتہ کو منعقد ہونے والی اس تقریب میں پی ایس ایل فور کے فائنل میں پہنچنے والی دونوں ٹیمیں کوئٹہ گلیڈی ایٹر اور پشاور زلمی کے کپتانوں نے شرکت کی۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹر کے کپتان سرفراز احمد اور پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے مشترکہ طور پر ٹرافی کو اپنے ہاتھوں میں اٹھایا۔ ڈیرن سیمی نے سرفراز احمد سے کہا کہ تم ٹرافی آج اٹھا لو، میں کل اٹھاﺅں گا جس پر سرفراز احمد نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ یہ ٹرافی آج بھی ہم اٹھائیں گے اور کل بھی ہم ہی اٹھائیں گے۔ بعد ازاں پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا ہے تاہم ہمارے پاس بھی اچھے کرکٹرز موجود ہیں اور باﺅلنگ کے شعبے میں ہم ان سے بہتر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہمیں پہلے بیٹنگ کرنے کا موقع ملا تو ہم 180 رنز یا اس سے بڑا اسکور کرنے کی کوشش کریں گے۔ ڈیرن سیمی نے کہا کہ ٹاس جیتنے کے بعد پہلے بیٹنگ کرنے والے کو فائدہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ وہاب ریاض، حسن علی بہت اچھی بولنگ کر رہے ہیں اور یہ دونوں بالرز پاکستان کی قومی ٹیم کے لئے بھی مفید ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فائنل میں ہم بھرپور کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی کوشش کریں گے تاکہ ٹرافی حاصل کی جا سکے۔ ایک سوال کے جواب میں سیمی نے کہا کہ میری انفرادی کارکردگی سے زیادہ ٹیم کی کارکردگی ہونی چاہئے، میں نے کوشش کی ہے کہ ٹیم کی کارکردگی کو بہتر بناﺅں اور تمام کھلاڑیوں کی پرفارمنس پر توجہ دوں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں کھیلی جانے والی لیگز میں سے پاکستان سپر لیگ میں بالنگ کا معیار بہت بلند ہے اور اس لیگ میں اچھے بالرز بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہماری ٹیم کے ٹاپ بیٹسمینوں کی کارکردگی اچھی ہے جبکہ شین واٹسن نے پورے ٹورنامنٹ میں بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا ہے اور وہ اچھی فارم میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز تیسری مرتبہ فائنل کھیل رہی ہے اور اس مرتبہ ہماری کوشش ہو گی کہ ہم ٹرافی اٹھائیں۔ سرفراز احمد نے کہا کہ پشاور زلمی کے بالرز 140 اور اس سے زائد کی رفتار سے بالنگ کر رہے ہیں، ہماری کوشش ہو گی کہ ان کی بالنگ کا مقابلہ کر سکیں، شین واٹسن اگر کھڑے ہو جائیں تو وہ اکیلے ہی میچ جتوانے کی صلاحیت رکھتے ہیں جبکہ ہمارے پاس عمر اکمل بھی میچ ونر ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں سرفراز احمد نے کہا کہ شین واٹسن سے مخالف ٹیم ڈرتی ہے، پہلے یا دوسرے نمبر پر بیٹنگ کرنے سے کوئی خاص فرق نہیں پڑے گا، اگر ہمارے ٹاپ کے بیٹسمین اچھا اسٹینڈ دے دیں تو ہم ایک بڑا اسکور کرنے یا بڑے اسکور کا ہدف حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔