31 C
Islamabad
منگل, اپریل 15, 2025
ہومکھیل کی خبریںپاکستان سپر لیگ 10 کے اہم میچ میں لاہور قلندرز نے کوئٹہ...

پاکستان سپر لیگ 10 کے اہم میچ میں لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 79 رنز سے شکست دے کر ایونٹ میں پہلی کامیابی سمیٹ لی

- Advertisement -

راولپنڈی۔13اپریل (اے پی پی):پاکستان سپر لیگ 10 کے اہم میچ میں لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 79 رنز سے شکست دے کر ایونٹ میں پہلی کامیابی سمیٹ لی۔ قلندرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 219 رنز بنائے۔ فخر زمان نے 67 اور سام بلنگز نے 50 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی۔ ہدف کے تعاقب کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی پوری ٹیم 17ویں اوور میں 140 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ رائیلی روسو 44 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔ رشاد حسین نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ فخر زمان کو مرد میدان قرار دیا گیا۔ اتوار کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے لیگ کے چوتھے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سعود شکیل نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو غلط ثابت ہوا۔

لاہور قلندرز نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 219 رنز بنائے۔ فخر زمان نے جاندار اننگز کھیلتے ہوئے 39 گیندوں پر 67 رنز بنائے جس میں 3 چھکے اور 7 چوکے شامل تھے۔ عبداللہ شفیق نے ان کا بھرپور ساتھ نبھایا اور 21 گیندوں پر 37 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی۔ سام بلنگز نے اختتامی اوورز میں دھواں دار بیٹنگ کی اور 19 گیندوں پر 50 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کی پوزیشن کو مستحکم کر دیا۔ ان کی اننگز میں 4 چھکے اور اتنے ہی چوکے شامل تھے۔

- Advertisement -

ڈیرل مچل نے بھی 37 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔ محمد نعیم 10، سکندر رضا 6 اور کپتان شاہین آفریدی 3 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی طرف سے ابرار احمد اور عقیل حسین نے دو، دو جبکہ فہیم اشرف اور عثمان طارق نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 16.2 اوورز میں 140 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ گلیڈی ایٹرز کی بیٹنگ لائن آغاز ہی سے مشکلات کا شکار رہی اور صرف 9 رنز پر تین اہم کھلاڑی پویلین لوٹ گئے۔ سعود شکیل اور حسن نواز ایک، ایک جبکہ فن ایلن صفر پر آؤٹ ہوئے۔

اس موقع پر رائیلی روسو اور کوشل مینڈس نے کچھ مزاحمت کی مگر وہ ٹیم کو جیت کی راہ پر نہ لا سکے۔ رائیلی روسو نے 19 گیندوں پر 44 رنز بنائے جس میں 4 چھکے اور اتنے ہی چوکے شامل تھے۔ کوشل مینڈس نے 14 گیندوں پر 2 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 28 رنز بنائے۔ شعیب ملک 13، عقیل حسین 14 اور فہیم اشرف 21 رنز کر آؤٹ ہوئے۔ لاہور قلندرز کی باؤلنگ بھی شاندار رہی۔ رشاد حسین نے 3 جبکہ شاہین شاہ آفریدی، آصف آفریدی اور سکندر رضا نے 2 ،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ یہ شاندار فتح لاہور قلندرز کے لیے نہ صرف پوائنٹس ٹیبل پر اہم ہے بلکہ ٹیم کے حوصلے بلند کرنے میں بھی مددگار ثابت ہو گی۔

 

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=581470

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں