لاہور۔12جنوری (اے پی پی):ایچ بی ایل پی ایس ایل 9 کا آغاز 17 فروری کو قذافی سٹیڈیم لاہور میں ہوگا جس میں دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز کا مقابلہ اسلام آباد یونائیٹڈ سے ہوگا۔ دونوں ٹیمیں دو دو مرتبہ ٹائٹل جیت چکی ہیں۔ ایونٹ چار شہروں کراچی، لاہور، ملتان اور راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔ 6ٹیموں پر مشتمل پی ایس ایل کا فائنل 18 مارچ کو کراچی کے نیشنل بینک سٹیڈیم میں ہوگا۔34 میچوں پر مشتمل اس ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ میں کراچی گیارہ میچوں کی میزبانی کرے گا جن میں کوالیفائر، دو ایلیمینیٹرز اور فائنل شامل ہیں۔
لاہور کا قذافی سٹیڈیم اور راولپنڈی کا پنڈی کرکٹ سٹیڈیم 9، 9 میچز کی میزبانی کرے گا جبکہ ملتان میں پانچ میچز کھیلے جائیں گے۔ٹورنامنٹ میں 7ڈبل ہیڈرز ہوں گے ۔پنڈی کرکٹ سٹیڈیم پانچ ڈبل ہیڈرز میچوں کی میزبانی کرے گا۔لاہور قلندرز اور کراچی کنگز کے درمیان مقابلہ 24 فروری اور 9 مارچ کو ہوگا۔ قذافی سٹیڈیم 24 فروری کو میزبانی کرے گا جبکہ نیشنل بینک سٹیڈیم میں دونوں ٹیمیں 9 مارچ کو مدمقابل ہونگی۔
کنگز، قلندرز، سلطانز اور یونائیٹڈ اپنے ہوم گرائونڈ پر پانچ میچز کھیلیں گی جبکہ پشاور زلمی چار میچز پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گی، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کراچی لاہور اور راولپنڈی میں تین تین میچ کھیلے گی جبکہ ایک میچ ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں 25 فروری کو ہوم سائیڈ سلطانز کے خلاف کھیلے گی۔پچھلے ایڈیشن کی طرح ایچ بی ایل پی ایس ایل کا 9 واں ایڈیشن بھی دو مرحلوں میں ہوگا جس میں ملتان کرکٹ سٹیڈیم اور قذافی سٹیڈیم لاہور 17 سے 27 فروری تک 14 میچوں کی میزبانی کریں گے ۔
اس کے بعد کرکٹ ایکشن راولپنڈی کے پنڈی کرکٹ سٹیڈیم اور کراچی کے نیشنل بینک سٹیڈیم میں منتقل ہوجائے گا جہاں 28 فروری سے 18 مارچ تک 20 میچ کھیلے جائیں گے۔پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف نے کہا کہ ہمیں یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ پاکستان سپر لیگ کا نواں ایڈیشن 17 فروری سے شروع ہونے والا ہے جس میں چار شہروں میں ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی خوبصورتی نظر آئے گی ان شہروں میں ایونٹ کی میزبانی کا فیصلہ ملک بھر کے شائقین کے لیے اعلی درجے کی کرکٹ پیش کرنے کے ہمارے عزم کا ثبوت ہے۔
ہم اس شاندار ایونٹ کے لیے تیار ہیں اور ساتھ ہی سنسنی خیز مقابلے دیکھنے اور ملک بھر میں کرکٹ کے شائقین کے لئے ناقابل فراموش لمحات فراہم کرنے کے بھی منتظر ہیں۔