اسلام آباد۔3ستمبر (اے پی پی):پاکستان سپورٹس بورڈ (پی ایس بی)نے ملک میں کھیلوں کے نظام میں شفافیت لانے کے لئےتمام قومی سپورٹس فیڈریشنز کو ہدایت کی ہے کہ وہ آئندہ دو ہفتوں کے اندر اپنے کلبوں اور ایسوسی ایشنز کی مکمل تفصیلات گاؤں اور قصبے کی سطح تک جمع کرائیں۔ یہ اقدام ڈی جی پی ایس بی یاسر پیرزادہ کی جانب سے شروع کی گئی وسیع تر اصلاحات کا حصہ ہے جن کا مقصد گورننس کو سخت کرنا، کاغذی فیڈریشنز کا خاتمہ کرنا ، کھیلوں میں دستاویزی اور جواب دہ کلچر کو فروغ دینا ہے۔
فیڈریشنز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے کلبوں، تحصیل، ضلع، ڈویژن اور صوبائی ایسوسی ایشنز کی فہرستیں، صدور اور سیکرٹریز کے نام و رابطہ نمبرز اور اپنی آخری انتخابات کی تاریخیں فراہم کریں۔ جو فیڈریشنز مقررہ 15 دن میں معلومات فراہم نہیں کریں گی انہیں بنیادی سطح پر غیر فعال تصور کیا جائے گا۔پی ایس بی اس ڈیٹا کو ایک عوامی ڈیٹا بیس میں مرتب کرنے کا منصوبہ رکھتا ہے تاکہ کھلاڑیوں، والدین اور پالیسی سازوں کے لئے یہ جاننا آسان ہو سکے کہ کون سی ایسوسی ایشنز دراصل فعال ہیں۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ اگر یہ تصدیقی مہم کامیابی سے مکمل ہوگئی تو یہ کھوکھلے ڈھانچوں کو بے نقاب کرے گی اور ان حقیقی کلبوں کو مستحکم بنائے گی جو نوجوان کھلاڑیوں کے لئے نرسری کا کردار ادا کرتے ہیں۔