اسلام آباد۔8اگست (اے پی پی):پاکستان سپورٹس بورڈ نے عوام کے لئے اپنی جدید اور بہترین سپورٹس سہولیات کا آغاز کر دیا ہے، جس سے ایتھلیٹس سمیت فٹنس کے شوقین اور تفریح کے متلاشی افراد بھی بھرپور فائدہ اٹھا سکیں گے۔ عوام کے لئے سٹیڈیم، سکواش کورٹ، بیڈمنٹن اور ٹینس لانز، رننگ ٹریکس، اور جمنازیم جیسی اعلیٰ معیار کی سہولیات دستیاب ہیں۔ ترجمان پی ایس بی کے مطابق وسیع اور جدید اسٹیڈیم ، سکوائش کورٹس ، بیڈمنٹن اور ٹینس لانز ، صحت مندانہ زندگی کے لیے جدید اور محفوظ رننگ ٹریک ، شاندار سوئمنگ پولز، خواتین کے لیے خاتون انسٹرکٹر کی فراہمی ، جدید آلات سے لیس جمنازیم، نوجوان فٹبالرز کے لیے خصوصی کوچنگ ، نوجوان ہاکی پلیئرز کے لیے پروفیشنل کوچ کی خدمات ، تیراندازی کے شوقین افراد کے لیے سستے داموں میدان، جدید فٹسال گراؤنڈ دستیاب ہونگے ۔
عوامی پارکس، کھلے جوگنگ ٹریکس اور آؤٹ ڈور ایکسرسائز ایریاز بلا معاوضہ دستیاب ہیں۔کھیلوں کی سہولیات جن میں سوئمنگ پولز، جمنازیم، ٹینس اور بیڈمنٹن کورٹ، فٹسال گراؤنڈ اور تیراندازی کے میدان کا استعمال کرنے کے لیے معمولی فیس مقرر کی گئی ہے۔ کھیلوں کی سہولیات حاصل کرنے کے لیے پیشگی بکنگ کی جا سکتی ہے۔ مزید تفصیلات اور سہولیات کی دستیابی کے لیے پاکستان سپورٹس بورڈ کی ویب سائٹ وزٹ اور فون نمبر (051-9249023، صبح 8:30 بجے سے شام 4:30 بجے تک) پر رابطہ کیا جاسکتا ہے ۔ ترجمان پی ایس بی کے مطابق پاکستان سپورٹس بورڈ کی یہ شاندار سہولیات عوام کو ایک صحت مند اور فعال طرز زندگی اپنانے میں مدد فراہم کریں گی۔