پاکستان سپورٹس بورڈ کا کامن ویلتھ گیمز میں میڈلز حاصل کرنے والے ایتھلیٹس کیلئے انعامات کا اعلان

190

اسلام آباد۔4اگست (اے پی پی):پاکستان سپورٹس بورڈ (پی ایس بی) نے کامن ویلتھ گیمز میں میڈلز حاصل کرنے والے نوح بٹ اور شاہ حسین شاہ کے لئے کیش انعامات کا اعلان کیا ہے۔ کامن ویلتھ گیمز 2022ء میں ویٹ لفٹنگ ایونٹ میں سونے کا تمغہ جیتنے والے نوح دستگیر بٹ کے لئے50 لاکھ اور جوڈو کے 90 کلو گرام کیٹگری مقابلے میں کانسی کا تمغہ جیتنے والے شاہ حسین شاہ کے لئے 10 لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا گیا ہے۔

پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل کرنل (ر) آصف زمان نے اس موقع پر کہا کہ نوح بٹ اور شاہ حسین شاہ نے میڈلز حاصل کرکے قوم کا سر فخر سے بلند کردیا۔ دونوں ایتھلیٹس سے فون پر بات ہوئی اور انہیں شاندار پرفارمنس پر مبارک باد دی اور ان کے حوصلے بلند کئے۔

انہوں نے کہا کہ کامن ویلتھ گیمز میں چاندی کا تمغہ حاصل کرنے والے پاکستانی ایتھلیٹ کو 20 لاکھ روپے دیئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وطن واپسی پر میڈل جیتنے والوں کا شاندار استقبال کیا جائے گا۔