اسلام آباد۔6ستمبر (اے پی پی):پاکستان سپورٹس بورڈ(پی ایس بی) نے بین الاقوامی کھیلوں کے مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے کھلاڑیوں کے میرٹ پر مبنی انتخاب کو یقینی بنانے کے لیے نیا طریقہ کار متعارف کرادیا ہے۔
اب تمام فیڈریشنز کو این او سی کے لیے درخواست دیتے وقت کھلاڑی پروفائل پروفارمہ جمع کروانا ہوگا جس میں منتخب کھلاڑیوں کی کامیابیوں اور قابلیت کی تفصیلات شامل ہوں گی۔ مزید برآں سپورٹس فیڈریشنز کو اس بات کی تصدیق کرنی ہوگی کہ کھلاڑیوں کا انتخاب صرف میرٹ کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔
اس سے قبل قومی سپورٹس فیڈریشنز کے لیے این او سی کے حصول کے وقت انتخاب کے معیار یا مقابلے کے بعد کی رپورٹ فراہم کرنے کی کوئی شرط نہیں تھی۔اس کے علاوہ ہر مقابلے کے بعد ایک پوسٹ ایونٹ ایویلیویشن فارم بھی جمع کرایا جائے گا۔
ان دستاویزات کو شفافیت کو فروغ دینے کے لیے پی ایس بی کی ویب سائٹ پر "غیر ملکی کھیلوں کے مقابلے” کے نئے ٹیب کے تحت عوامی سطح پر دستیاب کیا جائے گا۔