اسلام آباد۔9مارچ (اے پی پی):پاکستان سپورٹس بورڈ کے زیراہتمام وفاقی نظامات تعلیمات کے مختلف کالجز سے تعلق رکھنے والے طلباء کیلئے ”سپرنگ سپورٹس فیسٹیول” کے سلسلہ میں ای سی او ہائیکنگ کا انعقاد ہوا۔ وزارت بین الصوبائی رابطہ ڈویژن کی طرف سے نوجوانوں کیلئے صحت مند سرگرمیوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے ایسی سرگرمیوں کیلئے تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
سپرنگ سپورٹس فیسٹیول کے سلسلہ میں منعقدہ کھیلوں کے اس میلہ میں ہائیکنگ، کلائمبنگ، سائیکلنگ، باسکٹ بال اور دیگر کھیلوں کی سرگرمیوں کا متعلقہ سپورٹس فیڈریشنز اور ایسوسی ایشنز کی طرف سے اہتمام کیا گیا ہے۔ پاکستان سپورٹس بورڈ کی طرف سے جاری پریس ریلیز کے مطابق مارگلہ ہلز ٹریل فائیو پر ہائیکنگ کے آغاز پر الپائن کلب آف پاکستان کے صدر ابو ظفر صادق کی طرف سے شرکاء کو ہائیکنگ اور دیگر کھیلوں کی سرگرمیوں سے متعلق بریف کیا گیا۔ ہائیکنگ کی سرگرمی میں 600 سے زائد طلباء نے شرکت کی جنہیں موسمیاتی تبدیلیوں کے درپیش چیلنجز کے دوران ماحولیاتی تحفظ اور دیکھ بھال سے متعلق اوریئنٹیشن بھی دی گئی۔
وزارت بین الصوبائی رابطہ ڈویژن کے سینئر جائنٹ سیکرٹری رضوان احمد شیخ اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔ انہوں نے ایسی صحت مند سرگرمیوں میں حصہ لینے پر پاکستان سپورٹس بورڈ اور وفاقی نظامات تعلیمات کے زیر انتظام تعلیمی اداروں کی شرکت کا خیرمقدم کیا اور ان کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ پاکستان سپورٹس بورڈ اور وزارت بین الصوبائی رابطہ ڈویژن ایسی کھیلوں کی سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی جاری رکھیں گے۔اس موقع پر وفاقی نظامات تعلیمات کے ڈی جی تنویر احمد مہمان اعزاز تھے۔
انہوں نے نوجوان طلباء کی کھیلوں کی سرگرمیوں میں شرکت کو سراہا اور نصیحت کی کہ نوجوان ان سرگرمیوں کو اپنی روزمرہ زندگی کا حصہ بنائیں۔ اس موقع پر اسلام آباد ماڈل کالج برائے بوائز جی ٹین فور اسلام آباد کے پرنسپل پروفیسر نعیم الرحمان، اسلام آباد ماڈل کالج برائے بوائز ایف ٹین فور کے انوائرنمنٹ کلب کے انچارج آفتاب جہاں، الپائن کلب کے صدر ابوظفر صادق، الپائن کلب آف پاکستان کے سیکرٹری قرار حیدری، پاکستان سپورٹس بورڈ کی اسسٹنٹ ڈائریکٹر جویریہ وسیم اور مختلف کالجز کے نمائندے بھی موجود تھے۔ مہمان خصوصی سینئر جائنٹ سیکرٹری رضوان احمد شیخ اور مہمان اعزاز تنویر احمد نے مختلف کالجز کے نمائندوں میں شیلڈز اور شرکاء میں سرٹیفکیٹس تقسیم کئے۔