اسلام آباد۔16مئی (اے پی پی):پاکستان سپورٹس بورڈ کے زیر اہتمام تین روزہ کوچنگ کورس کل (بدھ سے )پی ایس کوچنگ سنٹر، لاہور میں ہوگا۔ پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈپٹی ڈی جی محمد شاہد اسلام نے بتایا کورس کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔ کورس میں مختلف کھیلوں سے تعلق رکھنے مرد اور خواتین کوچز، کھلاڑی اور ٹیکنکل آفیشلز (ججز، ریفری اور امپائرز) حصہ لے رہے ہیں۔ کورس کے شرکاء کو مقررین مختلف کھیلوں کے حوالے مختلف امور پر لیکچرز دیں گے۔
جس میں کوچنگ اور ٹریننگ کے نظریات،غذائیت، ڈوپنگ، کھیلوں کی نفسیات، کھیلوں کے دوران زخم، چوٹیں اور ابتدائی طبی امداد اور ہنر کی تعلیم پر روشنی ڈالیں گے۔ یہ کورس 19 مئی تک جاری رہے گا اور کورس کے اختتام پر شرکاء میں اسناد بھی تقسیم کی جائیں گی۔ اس کے بعد 24 سے 26 مئی تک تین روزہ ریفریشر کوچنگ کورس نارووال میں منعقد ہوگا۔