اسلام آباد ۔ 5 فروری (اے پی پی) پاکستان سپورٹس بورڈ کے زیر یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلہ میں کھیلوں کے مقابلے ہاکی اور فٹ بال کے میچوں میں کشمیر الیون نے کامیابی حاصل کرلی ہے۔ پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل منصور احمد، آغا امجد اللہ، پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے سیکرٹری اطلاعات رانا تنویر احمد اور ینگ رائزنگ سٹارکلب راولپنڈی صدر حاجی غیاث الدین بلوچ نے کامیابی حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔ نصیربندہ سٹیڈیم میں کھیلے گئے خواتین ہاکی کے میچ میں کشمیر الیون نے پی ایس بی الیون کو 2-1 سے ہرادیا ہے۔ پہلے ہاف کے اختتام تک کشمیر الیون کو 1-0 گول کی برتری حاصل تھی۔ پہلے ہاف کے 10ویں منٹ میں کشمیر الیون کی جانب سے سائرہ نے گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلائی۔ دوسرے ہاف کے تیسرے منٹ میں پی ایس بی الیون کی جانب سے سدرہ نے گول کرکے مقابلہ 1-1 گول سے برابر کردیا۔ 18 ویں منٹ میں کشمیر الیون کی ریحانہ نے گول کرکے مقابلہ 2-1 کر دیا جو مقررہ وقت تک جاری رہا۔ کشمیر الیون کے کوچ سہیل جنجوعہ اور پی ایس بی الیون کے کوچ محمد عظیم تھے۔ روڈھم ہال میں کھیلے گئے خواتین کے فٹ سال میچ میں کشمیر الیون نے پی ایس بی الیون کو 2-1 پنلٹی ککس سے ہرا دیا۔ مقررہ وقت تک دونوں ٹیمیں بغیر کسی گول کے برابر رہیں، میچ فیصلہ پنلٹی ککس پر ہوا۔ کشمیر الیون کی جانب سے علیشان اور میرال نے اور پی ایس بی الیون نے نادیہ بھٹی گول کئے۔ پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل منصور احمد نے کہاکہ یہ مقابلے وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کی خصوصی ہدایت پر منعقد کئے گئے۔