24.2 C
Islamabad
اتوار, اگست 31, 2025
ہومقومی خبریںپاکستان سینٹرل ایشیاء تک تجارتی راہداریوں کاخواہاں ہے،قازقستان پاکستان میں شاہراہوں کی...

پاکستان سینٹرل ایشیاء تک تجارتی راہداریوں کاخواہاں ہے،قازقستان پاکستان میں شاہراہوں کی تعمیر میں سرمایہ کاری کا خواہشمند،وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان

- Advertisement -

اسلام آباد۔9اگست (اے پی پی):پاکستان میں قازقستان کے سفیر یرزہان کستافن نے چین کے راستے وسط ایشیائی ممالک تک زمینی رسائی اور تجارتی راہداریوں کی تعمیر کے لئے اپنے ملک کی جانب سے سو فیصد سرمایہ کاری میں آمادگی کا اظہار کیا ہے تاکہ پہلے سے موجود مشکل زمینی راستوں کی بجائے نئے کوریڈورز سے دو طرفہ اور بین الملکی تجارت میں اضافہ ہو سکے۔ وزارت مواصلات کے مطابق وفاقی وزیر عبدالعلیم خان سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے قازقستان کے سفیر یرزہان کستافن نے بتایا کہ قازقستان کے صدر نومبر کے پہلے ہفتے میں پاکستان کا دو روزہ سرکاری دورہ کریں گے جس کے دوران دونوں ممالک کے مابین بڑے بریک تھرو کی توقع ہے۔

انہوں نے کہا کہ دورہ سے قبل دونوں ممالک کے مابین تجارت اور ٹرانسپورٹ کے شعبوں میں جوائنٹ ورکنگ گروپس کی تشکیل ہوگی۔انہوں نے کہا کہ ہمارا ملک پاکستان سے دو طرفہ تجارت میں اضافے میں گہری دلچسپی رکھتا ہے۔انہوں نے کاشغر سے ترکمانستان سے قازقستان تک موجودہ راہداری پر بھی تبادلہ خیال کیا اور کراچی سے چمن سے قندھار تک کے تجارتی روٹ کو بہتر بنانے کی تجویز بھی پیش کی۔

- Advertisement -

ملاقات کے دوران وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے قازقستان کے سفیر یرزہان کستافن کو اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ پاکستان چین،افغانستان اور ایران کے راستے وسط ایشیائی ممالک تک تجارتی راہداریوں کے لئے سنجیدہ اقدامات چاہتا ہے۔انہوں نے حال ہی میں بیلاروس اور ایران میں ہونے والی بین الملکی کانفرنس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ خطے میں ممالک باہمی زمینی راستہ تجارت کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے اور پاکستان شاہراہ قراقرم کی طرح بین الملکی روڈ نیٹ ورک کی تشکیل کا خواہاں ہے۔

ملاقات میں این ایل سی سے ممکنہ ٹریڈ معاہدوں پرپیش رفت اور پاکستان اور قازقستان کے مابین حل طلب امور پر بھی گفتگو ہوئی۔وفاقی سیکرٹری مواصلات علی شیر محسود بھی ملاقات میں موجود تھے۔

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں