بیجنگ۔18اکتوبر (اے پی پی):نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو کی بھرپور حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان سی پیک کے اعلی معیار کی ترقی کے نئے مرحلے میں چین کے ساتھ مختلف شعبوں میں رابطے اور تعاون کو مضبوط بنائے گا، غذائی تحفظ اور زراعت جیسے شعبوں میں نئی ٹیکنالوجی متعارف کرائی جائے گی، اصلاحات، غربت کے خاتمے، تحقیق و ترقی، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور دیگر شعبوں میں چین کی کامیابیوں سے استفادہ کریں گے، چینی کاروباری اداروں کی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کے لیے پاکستان خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار بدھ کو یہاں چینی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان چین کے صدر شی جن پنگ کے بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو (بی آر آئی) کو سراہتا ہے اور اس کی بھرپور حمایت کرتا ہے، پاکستان چین کے ترقی کے تجربے سے استفادہ کا خواہاں ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان بی آر آئی کے عظیم وژن کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے جو اقتصادی ترقی کے ذریعے امن اور خوشحالی لانے کا مظہر ہے، پاکستانی وفد جس میں اقتصادی، صنعتی، سکیورٹی اور دیگر شعبوں کے کے اعلیٰ حکام شامل ہیں، دورے کے دوران چینی حکام، تھنک ٹینکس اور میڈیا کے ساتھ دوطرفہ بات چیت کا منتظر تھا۔ بی آر آئی کے تحت چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے مثالی منصوبے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ سی پیک سے بڑی ترقی ہوئی ہے اور ان کے آبائی صوبہ بلوچستان کے لیے ترقی کے روشن امکانات پیدا ہوئے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان سی پیک کی اعلیٰ معیار کی ترقی کے نئے مرحلے میں چین کے ساتھ رابطے اور تعاون کو مزید مضبوط بنائے گا، چین کی مدد سے غذائی تحفظ اور زراعت جیسے شعبوں میں نئی ٹیکنالوجی متعارف کرائے گا اور کاروباری اداروں کی حوصلہ افزائی کرے گا تاکہ وہ تجارت کو فروغ دے سکیں اور چین کے ساتھ دوطرفہ تعاون سے مستفید ہو سکیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کو مزید بہتر بنائے گا تاکہ چینی کاروباری اداروں کی کان کنی، زراعت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی جیسے شعبوں میں سرمایہ کاری کے لیے حوصلہ افزائی اور انہیں سہولت فراہم کی جا سکے اور پاکستان میں کام کرنے والے چینی کاروباری سرگرمیوں کے لیے سازگار حالات پیدا ہوں۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان یں چینی شہریوں کی حفاظت کو بہت اہمیت دیتا ہے اور چینی شہریوں کے لیے حفاظتی طریقہ کار کو مزید بہتر بنانے کے لیے پرعزم ہے، پاکستان میں چینی شہریوں اور اداروں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ہرممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
وزیراعظم نے دونوں ممالک کے عوام کی جانب سے ایک دوسرے کی زبان اور ثقافت کے بارے میں جاننے اور دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ دوستی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور اس بات پر یقین رکھتا ہے کہ چین کے ساتھ تعاون مواقع سے بھرپور ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اصلاحات، ترقی، غربت کے خاتمے، تحقیق و ترقی، انفارمیشن ٹیکنالوجی، زراعت اور دیگر شعبوں میں چین کی کامیابیوں سے استفادہ کرے گا اور چین کے ساتھ ہمہ جہتی تعاون پر مبنی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے۔
وزیراعظم نے چین کے صدر شی جن پنگ کے عالمی ترقی کے اقدام، عالمی سکیورٹی کے اقدام اور عالمی تہذیب سے متعلق اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ دنیا کو درپیش پیچیدہ عالمی چیلنجوں اور مسائل سے نمٹنے کے لیے طریقہ کار اور اہم محرک ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=402729