31 C
Islamabad
جمعہ, مئی 16, 2025
ہومقومی خبریںپاکستان سے شکست کھانے کے بعد بھارت نے عام لوگوں کا جینا...

پاکستان سے شکست کھانے کے بعد بھارت نے عام لوگوں کا جینا مشکل کر دیا ہے، اقوام عالم محکوم لوگوں کی زندگیوں کو بچانے میں اپنا کردار ادا کریں، کل جماعتی حریت کانفرنس کے کنوینر غلام محمد صفی کی پریس کانفرنس

- Advertisement -

اسلام آباد۔15مئی (اے پی پی):کل جماعتی حریت کانفرنس کے کنوینر غلام محمد صفی نے کہا ہے کہ پاکستان سے شکست کھانے کے بعد بھارت نے عام لوگوں کا جینا مشکل کر دیا ہے، مسلم ، مسیح اور سکھ دشمنی میں لوگوں کی زندگیاں عذاب بنا دی گئی ہیں، اقوام عالم محکوم لوگوں کی زندگیوں کو بچانے میں اپنا کردار ادا کریں، ہندوستان اس زعم میں تھا کہ وہ خطے کی بڑی طاقت ہے،دنیا نے دیکھا کہ عددی قوت جذبے کے سامنے کچھ بھی نہیں، بھارت پہلگام واقعے کا خود ہی مدعی اور جج بننا چاہتا تھا، چین، امریکہ سعودی عرب ،آذربائیجان اور ترکیہ کے شکر گزار ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے جمعرات کو یہاں نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں آزاد کشمیر اسمبلی کے سپیکر چوہدری لطیف اکبر، پیس اینڈ کلچرل آرگنائزیشن کی چیئرپرسن اور کشمیری حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال حسین ملک اور محمود ساغر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔

غلام محمد صفی نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں جس نے پاکستان کو کامیابی سے نوازا، مقبوضہ کشمیر کے عوام کی طرف سے افواج پاکستان کو مبارکباد پیش کرتے ہیں، آزاد کشمیر کی سول آبادی کو ہندوستان کی جانب سے نشانہ بنایا گیا، پہلگام مقبوضہ کشمیر کا ایک سیاحتی مقام ہے، ہندوستان کی دس لاکھ فوج مقبوضہ کشمیر میں موجود ہے، پہلگام میں 27سیاحوں کو قتل کر نے میں بھارت کی حکومت ملوث تھی لیکن الزام پاکستان پر لگا دیا گیا۔ پاکستان نے تحقیقات کا کہا مگرہندوستان اس زعم میں تھا کہ وہ خطے کی بڑی طاقت ہے۔ بھارت خود ہی اس کا مدعی اور جج بننا چاہتا تھا، بھارت نے ان الزامات کی بنیاد پر پاکستان کا پانی بند کرنے کا اعلان کیا، بھارت کے ان اقدامات سے خطے کی دو ایٹمی طاقتیں جنگ کے دہانے پر پہنچ گئیں، جنگ کے دہانے پر پہنچانے کا ذمہ دار مودی ہے، جنگ ہوئی تو دنیا نے دیکھا کہ کس میں کتنا دم ہے

- Advertisement -

دنیا نے دیکھا کہ عددی قوت جذبے کے سامنے کچھ بھی نہیں ،اللہ تعالیٰ اپنی نصرت سے بڑے بڑے لشکروں کو شکست دے دیتا ہے،دنیا پر یہ بات واضح ہو گئی کہ ایمان اور جذبے کے سامنے عددی قوت، اسلحہ ، ٹیکنالوجی ماند پڑ گئیں۔ بھارت نے اپنے میڈیا ہائوسز کے ذریعے  جھوٹا پروپیگنڈہ کیا کہ لاہور ، کراچی اور سیالکوٹ پر قبضہ کر لیا ہے، بھارتی میڈیا نے ایک ڈرامہ لگا رکھا تھا۔ دنیا نے دیکھا کہ فیک نیوز کیا ہے،ہم چین، امریکہ، سعودی عرب ،آذربائیجان اور ترکیہ کے شکر گزار ہیں۔ مودی کہہ رہا ہے کہ ہم نے جنگ ختم نہیں کی بلکہ روکی ہے۔ مسئلہ کشمیر پہلگام سے پرواز کر کے سلامتی کونسل تک پہنچ گیا ۔ہندوستان مسئلہ کشمیر پر پردہ ڈالنا چاہتا تھا تاہم یہ ابھر کر دنیا کہ سامنے آ گیا ۔چین اور پاکستان مل کر مسئلہ کشمیر کے حل کی کاوش کر رہے ہیں۔

اس موقع پر سپیکر آزاد کشمیر اسمبلی چوہدری لطیف اکبرکا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کی تمام جماعتوں نے حریت کانفرنس کو اپنا نمائندہ تصور کیا جو فیصلہ بھی حریت کانفرنس کرے گی وہ ہمارا فیصلہ ہو گا ۔اس جنگ سے پاکستان کو اقوام عالم میں پذیرائی ملی جبکہ بھارت کی ہزیمت میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے۔ چین ،ترکیہ اور آذربائیجان کی حکومت نے پاکستان کو کھل کر سپورٹ کیا۔ انھوں نے کہا کہ  ہم نے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے تین جنگیں لڑی ہیں، سندھ طاس معاہدہ ہو یا دہشت گردی ،اگر مسئلہ کشمیر حل ہو جائے تو کسی اور بات کی ضرورت نہیں۔ بھارت ہمیشہ اپنے وعدوں سے مکر جاتا ہے ۔ اقوام عالم کو مسئلہ کشمیر کے حوالےسے فوکس کرنا چائیے۔ مقبوضہ کشمیر کے لوگوں نے ثابت کر دیا کہ وہ پاکستان کے ساتھ رہنا چاہتے ہیں، ہم پاکستان کی حکومت کے لیے سہولت کاری کے لیے تیار ہیں ،آزاد کشمیر کے لوگوں نے اس فتح کو بھرپور انداز میں منایا ۔

کشمیر کی عوام کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ جلد مسئلہ کشمیر حل ہو گا۔حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال حسین ملک نے کہا کہ بھارت کا اکھنڈ بھارت کا خواب جنگ کے بعد چکنا چور ہو گیاہے، ہمیں حق خود ارادیت کے علاوہ کوئی چیز نہیں چاہئے۔ہندوستان کا فالس فلیگ دنیا بھر میں مشہور ہے ہمیں اب صرف زبانی باتیں نہیں عملی کام چائیے۔ مودی اور ہندوستان دنیا بھر میں فاشسٹ رجیم کے طور پر مشہور ہو گیا ہے ۔ مودی نے جو آگ لگائی اس میں وہ خود گرے گا، مودی ایک جنونی شخص ہے ، وہ یہ سب الیکشن کے لیےکر رہا ہے، وہ ایک بار پھر کوئی حرکت کر سکتا ہے، ہمیں محتاط رہنا ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ مودی کے اوپر بین الاقوامی پابندیاں عائد ہونی چاہئیں۔کشمیریوں کو حق خود ارادیت ملنا چائیے، ہم مودی کے اوپر اعتبار نہیں کر سکتے، بھارت میں یاسین ملک کو پھانسی دینے کی تحریک چلائی جا رہی ہے۔

یاسین ملک سمیت تمام اسیران کو رہا کر کے مذاکرات میں شامل کیا جانا چائیے ۔ بھارت نے کشمیر اور پاکستان پر جنگ مسلط کی جس کا پاکستان کی بہادر افواج نے منہ توڑ جواب دیا۔ پاکستان کی مسلح افواج دنیا کی بہترین افواج میں سے ہیں۔ پہلگام واقعے کے بعد مقبوضہ کشمیر میں لوگوں کو کھلے عام مارا جا رہا ہے ۔ یاسین ملک سمیت تمام گرفتار افراد کو رہا کیا جائے، کشمیریوں کو ہندوستان سے آزادی چاہئے، میں اقوام عالم سے اپیل کرتی ہوں کہ وہ  حق خود ارادیت پر بات کریں۔

 

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=597503

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں