کوئٹہ۔ 30 اکتوبر (اے پی پی):نگراں صوبائی وزیراطلاعات بلوچستان جان اچکزئی نے کہا ہے کہ بلوچستان سمیت ملک بھر میں غیر قانونی غیر ملکیوں کو ہر صورت نکالا جائے گا ، اس سلسلہ میں وزیر اعلیٰ بلوچستان کی قیادت میں تمام انتظامیہ غیر قانونی غیر ملکیوں کو نکالنے کے لئے اقدامات کر رہی ہے۔ پیر کو اپنے بیان میں نگران صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ بلوچستان کی حکومت پوری لگن سے یہ فریضہ انجام دے گی،ہم نے جو انتظامات کئے ہیں اس کے تحت صوبہ بھر سے چن چن کر ایسے لوگوں کو نکالا جائے گا۔
بلوچستان میں تین پوائنٹ بنا دئیے گئے ہیں جو کوئٹہ پشین اور قلعہ عبداللہ میں قائم کئے گئے ہیں۔تمام نئے داخل ہونے والے غیر قانونی غیر ملکیوں کی حوصلہ شکنی کی جائے گی اور پہلے سے موجود غیر قانونی غیر ملکیوں کو نکلنے کے لیے پورے ملک میں ڈیٹا بیس تیار ہے۔ایسے تمام افراد کے خلاف فارن ایکٹ کے تحت مقدمات بھی چلائے جاسکتے ہیں یا انہیں واپسی پر آمادہ کرنے کے لئے روایتی کوششیں بھی کی جائیں گی۔پاکستان میں رہنے والے غیر ملکی غیر قانونی رہائشیوں کی سرگرمیوں پر ریاست کو بہت تشویش ہے ان میں سے بعض افراد قتل، ڈکیتی جیسے سنگین جرائم میں بھی ملوث ہیں اور بعض افراد دہشتگرد کارروائیوں میں ملوث پائے گئے ہیں۔
پاکستان سے غیر قانونی غیر ملکیوں سے ہر صورت میں نکالا جائے گا۔ اقوام متحدہ نے بھی دہشتگردی کی کارروائیوں میں ملوث تمام افراد کے خلاف سخت ترین کارروائی پر زور دیا ہے۔صوبائی انتظامیہ کے علاوہ نادرا ،ایف آئی اے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مربوط حکمت عملی سے یہ کام کیا جائے گا۔ اس سلسلہ میں فہرستیں تیار کی جارہی ہیں ان تمام غیر قانونی غیر ملکیوں کا ڈیٹا تیار کرلیا گیا ہے خصوصی ٹیمیں بنادی گئی ہیں۔
غیر ملکیوں کے کیسوں کو جلد نمٹانے کی عدالتوں کو ہدایت کی جارہی ہیں۔ نگران صوبائی وزیر اطلاعات بلوچستان جان اچکزئی نے کہا کہ اب تک تقریباً 25 ہزار کے قریب غیر قانونی غیر ملکی پاکستان سے واپس جا چکے ہیں۔