پاکستان سے ٹیسٹ سیریز چیلنجنگ ہو گی، دونوں ٹیموں کے درمیان اچھے مقابلے کی توقع ہے،برینڈن میک کلم

138

راولپنڈی۔28نومبر (اے پی پی):انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ برینڈن میک کلم نے کہا ہے کہ پاکستان سے ٹیسٹ سیریز چیلنجنگ ہو گی، دونوں ٹیموں کے درمیان اچھے مقابلے کی توقع ہے، مارک ووڈ فٹنس مسائل کی وجہ سے پہلے ٹیسٹ کے لئے دستیاب نہیں ہوں گے، شاہین شاہ آفریدی کی عدم دستیابی پاکستان کے لئے بہت بڑا نقصان ہے، پہلی بار پاکستان آکر بہت اچھا لگ رہا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو راولپنڈی میں پریس کانفرنس کے دوران کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پہلی بار آکر خوشی محسوس کر رہا ہوں، بہترین مہمان نوازی کی جا رہی ہے اور سیکورٹی کے انتظامات تسلی بخش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی شائقین کئی سالوں تک انٹرنیشنل کرکٹ سے محروم رہے، ایک جنریشن نے پاکستانی کھلاڑیوں کو اپنے سامنے کھیلتے نہیں دیکھا۔ انہوں نے کہا کہ پنڈی سٹیڈیم میں فل ہائوس کے سامنے کھیلنے کے لئے پرجوش ہیں، کھلاڑی یہ چاہتے ہیں کہ شائقین کرکٹ سٹیڈیم میں پہنچیں۔ پاکستان میں شائقین کرکٹ بہت جذباتی ہیں، ہم بہترین کرکٹ کھیلنے کی کوشش کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ یو اے ای میں بہترین کیمپ میں حصہ لیا، دونوں ٹیموں نے پنڈی سٹیڈیم میں اچھی پریکٹس کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا میں آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ جیتنے سے کھلاڑیوں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مارک ووڈ فٹنس مسائل کی وجہ سے پہلے ٹیسٹ کے لئے دستیاب نہیں ہوں گے، امید ہے کہ وہ دوسرے ٹیسٹ سے قبل مکمل طور پر صحتیاب ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سینیئرز اور جونیئرز کھلاڑیوں پر مبنی پاکستان کا ٹیسٹ سکواڈ بہت اچھا ہے۔

پاکستان کے خلاف جارحانہ کرکٹ کھیلنے کی کوشش کریں گے۔ ایک سوال کے جواب میں نیوزی لینڈ کے سابق ٹیسٹ کرکٹر نے کہا کہ شاہین شاہ آفریدی بہترین فاسٹ بائولر ہیں، ان کی عدم دستیابی پاکستان کے لئے بہت بڑا نقصان ہے۔ انہوں نے کہا کہ مختلف کنڈیشنر میں خود کو ٹیسٹ کرنا چاہتے ہیں، پاکستان کو شکست دینے کے لئے انگلینڈ کو اچھا کھیل پیش کرنا ہوگا۔ واضح رہے کہ انگلینڈ کی ٹیم 17 برس بعد ٹیسٹ سیریز کھیلنے پاکستان آئی ہے، دونوں ٹیموں کے مابین سیریز کا پہلا ٹیسٹ یکم دسمبر سے پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں شروع ہو گا۔