اسلام آباد۔16اگست (اے پی پی):پاکستان شاہینز اور بنگلہ دیش اے کے درمیان پہلا چار روزہ میچ بغیر کسی نتیجہ کے ڈرا ہو گیا۔ میچ کے چوتھے اور آخری دن بنگلہ دیش اے نے اپنی دوسری اننگز میں 5 وکٹوں پر 153 رنز بنائے تھے کہ کم روشنی کے سبب کھیل روک دیا گیا ، جس کے بعد کھیل ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اس سے قبل پاکستان شاہینز نے اپنی پہلی اننگز 367 رنز 4 کھلاڑی آئوٹ پر ڈکلیئر کر دی تھی۔اس طرح اسے مہمان ٹیم پر 245 رنز کی برتری حاصل ہوگئی تھی۔یاد رہے کہ میچ کے تیسرے دن بارش اور گیلی آئوٹ فیلڈ کی وجہ سے کھیل ممکن نہیں ہو سکا تھا۔اسلام آباد کلب میں میچ کے چوتھے اور آخری دن بنگلہ دیش اے نے اپنی دوسری اننگز شروع کی تو اسے 57 اوورز بیٹنگ کے لیے ملے تھے تاہم صرف 39.2 اوورز کا کھیل ممکن ہو سکا۔
بنگلہ دیش اے کی طرف سے نعیم حسن نے 55 رنز سکور کیے۔ذاکر حسن نے 33 رنز بنائے۔میر حمزہ اور محمد علی نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا چار روزہ میچ اسلام آباد کلب میں 20 سے 23 اگست تک کھیلا جائے گا۔