پاکستان شنگھائی تعاون تنظیم کا مکمل رکن بن گیا۔ پاکستان اور ایس سی او کے ارکان کے لئے یہ تاریخی دن ہے، وزیراعظم محمد نواز شریف
پاکستان کی بھرپور حمایت کرنے پر چین، روس سمیت بانی ارکان اور دیگر کا شکریہ ادا کیا
قزاخستان ، چین ، کرغزستان ، روس، تاجکستان ، ازبکستان، افغانستان ، بیلارس ور منگولیا کے صدورکی وزیراعظم محمد نواز شریف کو مبارکباد
آستانہ ۔ 9 جون (اے پی پی) پاکستان جمعہ کو شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کی سربراہان مملکت کونسل کے 17 ویں اجلاس کے دوران ایس سی او کا باضابطہ طور پر مکمل رکن بن گیا۔ قزاخستان کے صدر نور سلطان نذر بایوف نے 17 ویں ایس سی او سربراہ کانفرنس کے اختتام پر بانی ارکان کی طرف سے دستاویز پر دستخط کے بعد اس ضمن میں باقاعدہ اعلان کیا۔ وزیراعظم محمد نواز شریف نے اپنے وفد کے ہمراہ ایس سی او سربراہ اجلاس میں شرکت کی۔ وزیراعظم کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز، وزیر تجارت خرم دستگیر اور وزیر مملکت پٹرولیم جام کمال بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔ قزاخستان کے صدر نور سلطان نذر بایوف، چین کے صدر شی جن پنگ، کرغزستان کے صدر الماس بیگ اتام بایوف، روس کے صدر ولادی میر پیوٹن، تاجکستان کے صدر امام علی رحمانوف، ازبکستان کے صدر شوکت مرزوف، افغانستان کے صدر اشرف غنی، بیلارس کے صدر الیگزینڈر لوکا شینکو اور منگولیا کے صدر تاخیاجن البگدورج نے اپنی تقاریر میں وزیراعظم محمد نواز شریف کو مبارکباد دی۔ اس سے قبل باضابطہ استقبالیہ تقریب منعقد ہوئی جس میں قزاخستان کے صدر نے وزیراعظم نواز شریف کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔ دریں اثناءوزیراعظم محمد نواز شریف نے ایس سی او کی سربراہان مملکت کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان اور ایس سی او کے ارکان کے لئے ایک تاریخی دن ہے۔ وزیراعظم نے تنظیم کا مکمل رکن بننے کے لئے پاکستان کی بھرپور حمایت کرنے پر چین، روس سمیت بانی ارکان اور دیگر کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایس سی او کے نظام سے ناواقف نہیں ہے بلکہ اس نے اس کے سربراہان اجلاس میں شرکت اور اس کے مختلف فورمز پر مل کر کام کرتے ہوئے گہرے روابط استوار کئے ہیں۔