اسلام آباد ۔ 13 اگست (اے پی پی) پاکستان نے امریکی پادری کی گرفتاری کے معاملے پر امریکا کے صدر کی جانب سے ترکی کے خلاف یکطرفہ پابندیوں کی دھمکیوں کی مخالفت کرتے ہوئے کہاہے کہ وہ اپنے دیرینہ اتحادی دوست ملک ترکی کے ساتھ کھڑا ہے اورصدرڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ترکی کے خلاف یکطرفہ پابندیوں کی دھمکیوں کے خلاف ہے۔دفتر خارجہ کی طرف سے پیرکویہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیاہے کہ ”اصولی طور پر پاکستان کسی بھی ملک کے خلاف یکطرفہ پابندیوں کے خلاف ہے، کسی بھی اورتمام ایشوزکا حل مکالمہ، باہمی افہام وتفہیم اورخیرسگالی میں مضمر ہے“۔بیان میں کہاگیا ہے کہ یکطرفہ اقدام یا ایکشن سے نہ صرف امن اوراستحکام کیلئے خطرات پیداہوتے ہیں بلکہ اس کے نتیجے میں کسی بھی مسئلے کا حل مشکل اور دشوارہوجاتا ہے۔ ترجمان دفترخارجہ نے کہاکہ جس طرح ترکی کی کرنسی لیرا کی قدرمیں کمی کا سلسلہ جاری ہے اس سے ترکی میں اقتصادی بحران کے خطرات میں اضافہ سےایشیاءاوریورپی مارکیٹیں متاثر ہوں گی اور بعد میں اس کے اثرات عالمی معیشیت پر بھی مرتب ہوں گے۔ ترجمان نے کہاکہ پاکستان عالمی امن اوراستحکام کیلئے ترکی کے بیش قیمت کردار کااعتراف کرتا ہے اوراس کو بھرپورانداز میں سراہتا ہے، ترکی عالمی معیشیت کا اہم رکن اورانجن ہے۔ ترجمان نے کہاکہ پاکستان کی حکومت اورعوام امن اورخوشحالی کیلئے ترکی کے عوام اورحکومت کی کوششوں کی مضبوط حمایت کے عزم کا اعادہ کرتی ہے، ان مشترکہ اہداف کے حصول کیلئے ہم ترکی کی حکومت اورعوام کا ساتھ دیتے رہیں گے۔