جدید طبی آلات کی تیاری پاکستان کے لیے خود انحصاری کی جانب انقلابی قدم ہے، وفاقی وزیر رانا تنویر حسین کا السنز گروپ کے آئی سی یو وینٹی لیٹر کی افتتاحی تقریب سے خطاب

88
Rana Tanveer Hussain

اسلام آباد۔3فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین نے السنز گروپ کے تیار کردہ آئی سی یو وینٹی لیٹر النووینٹ AVB-100 کی افتتاحی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ انہوں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جدید طبی آلات کی تیاری پاکستان کے لیے خود انحصاری کی جانب ایک انقلابی قدم ہے جو نہ صرف صحت کے شعبے میں بہتری لائے گا بلکہ ملکی معیشت پر بھی مثبت اثرات مرتب کرے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ النووینٹ AVB-100 پاکستان کے آئی سی یوز میں اہم معاونت فراہم کرے گا اور ہمارے نظام صحت کی استعداد میں نمایاں بہتری لائے گا۔

اس وینٹی لیٹر کی تیاری پاکستان کو عالمی طبی ٹیکنالوجی کی صنعت میں ایک مستحکم مقام دلانے میں مدد دے گی، کیونکہ اس طرح ملک اپنی طبی سہولیات کو مزید بہتر بنا سکتا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے مقامی سطح پر اعلیٰ معیار کے طبی آلات کی تیاری کو پاکستان کے لیے نئے مواقع پیدا کرنے کا ذریعہ قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ اقدام نہ صرف معیشت کو مستحکم کرے گا بلکہ روزگار کے قیمتی مواقع بھی فراہم کرے گا جس سے ملکی صنعت کو فروغ ملے گا اور درآمدات پر انحصار کم ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہر سال تقریباً 2 ارب ڈالر کے طبی آلات درآمد کیے جاتے ہیں اور وباء کے دوران ان کی قلت نے مقامی سطح پر اس صنعت کو فروغ دینے کی ضرورت کو مزید اجاگر کیا۔ انہوں نے اس حقیقت کی نشاندہی کی کہ جدید طبی ٹیکنالوجی نہ صرف ہنگامی صورتحال میں فوری ردعمل کے قابل بنائے گی بلکہ قیمتی جانیں بچانے میں بھی اہم کردار ادا کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ تحقیق، ترقی اور جدید طبی انفراسٹرکچر میں مسلسل سرمایہ کاری کے ذریعے پاکستان عالمی طبی ٹیکنالوجی کی قیادت کے لیے تیار ہو رہا ہے اور اس طرح کے منصوبے اس سفر میں سنگ میل ثابت ہوں گے۔