پاکستان عالمی برادری کی توجہ افغانستان کی صورتحال کی جانب مبذول کرانے کے لئے مسلسل کوشاں ہے ، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی

141
پاکستان عالمی برادری کی توجہ افغانستان کی صورتحال کی جانب مبذول کرانے کے لئے مسلسل کوشاں ہے ، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی

اسلام آباد۔18دسمبر (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان عالمی برادری کی توجہ افغانستان کی صورتحال کی جانب مبذول کرانے کے لئے مسلسل کوشاں ہے اور افغانستان کے قریبی ہمسایہ ملک ہونے کے ناطے، افغان بھائیوں کی انسانی بنیادوں پر امداد کے لئے بھرپور کاوشیں بروئے کار لا رہا ہے،

انہوں نے یہ بات ہفتہ کو یہاںوزارت خارجہ میں افغانستان کے عبوری وزیر خارجہ امیر خان متقی سے ملاقات کے دوران کہی۔ انہوں نے کہا کہ او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے غیر معمولی اجلاس کا انعقاد انہی کاوشوں کی ایک کڑی ہے،

ہم اس اجلاس کے ذریعے عالمی برادری کو پیغام دے رہے ہیں کہ ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھتے ہوئے، افغانستان میں امن و استحکام کیلئے، آگے بڑھیں۔وزیر خارجہ نے کہا کہ افغانستان میں اجتماعیت کی حامل حکومت، بنیادی انسانی حقوق بالخصوص خواتین کے حقوق کی پاسداری افغان حکومت کے مفاد میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں نے اپنے دورہ ء کابل کے دوران، پاکستان کی جانب سے جذبہ خیرسگالی کے تحت 5 ارب کی امداد کا اعلان کیا۔انہوں نے کہا کہ مجھے یہ بتاتے ہوئے مسرت ہو رہی ہے کہ ہم نے افغانستان کیلئے خوراک، ادویات بشمول پچاس ہزار میٹرک ٹن گندم کی صورت میں انسانی امداد کی فراہمی کے انتظامات مکمل کر لئے ہیں۔

ہماری ٹیم،افغانستان میں پاکستان کی معاونت سے چلنے والے تین اسپتالوں کے دورے کیلئے جلد کابل پہنچے گی۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان آئندہ سال مارچ میں او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے اڑتالیسویں اجلاس کی میزبانی کیلئے تیار ہے،یکے بعد دیگرے دو او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاسوں کی میزبانی، مسلم امہ کو درپیش مسائل کے حل کیلئے پاکستان کی سنجیدگی کا اظہار ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ افغانستان میں 40 سال کے بعد قیام امن کی امید اہمیت کی حامل ہے اس موقع کو ضائع نہیں ہونا چاہیئے۔افغانستان کا معاشی انہدام سب کیلئے یکساں مضمرات کا باعث ہو گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان، افغانستان کی ابھرتی ہوئی المناک معاشی صورتحال کی جانب، عالمی برادری کی توجہ دلانے کیلئے بھرپور کوششیں بروئے کار لا رہا ہے۔

ہم مسئلہ کشمیر کے حوالے سے او آئی سی کی مسلسل اور غیر متزلزل حمایت کے شکر گزار ہیں۔افغان نگران وزیر خارجہ امیر خان متقی نے او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس میں مدعو کرنے پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کیا۔