پاکستان عالمی فکری انقلاب میں شامل ہو کر ایک طاقت کے طور پر ابھر سکتا ہے، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کی کانووکیشن تقریب سے خطاب

56

اسلام آباد۔1جولائی (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان تیزی سے بدلتی ہوئی دنیا میں آنے والے عالمی فکری انقلاب میں مضبوط گرفت بنا کر ایک طاقت کے طور پر ابھر سکتا ہے، سائبر دنیا میں صریحی تبدیلی سے فوجی اور عوامی شعبوں سے متعلق حکمت عملیوں میں ردوبدل دیکھا گیا ہے جو ملک کی سائبر سکیورٹی کو مضبوط بنانے کیلئے سنجیدہ اقدامات کرنے اور صورتحال سے بروقت استفادہ کرنے کے سلسلہ میں تیاریوں کا تقاضا کرتی ہیں، انفارمیشن ٹیکنالوجی کی اہمیت کے پیش نظر پاکستان کو چوتھے صنعتی انقلاب سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے جو ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی میں مددگار ثابت ہو گا۔

وہ جمعرات کو نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی (این ڈی یو) کی کانووکیشن تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ کورس میں پاکستان اور دیگر دوست ممالک بشمول بحرین، بنگلہ دیش، مصر، انڈونیشیا، ایران، عراق، اردن، سعودی عرب، نیپال، نائیجریا، سری لنکا اور متحدہ عرب امارات کے فوجی افسران شریک تھے۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان کیلئے کامیابی کا مختصر ترین راستہ عصری فکری تبدیلی میں ہے، میں پاکستان کے حوالہ سے بہت زیادہ پرامید ہوں جو جدید علوم کے ساتھ ساتھ ہمدردی کے جذبے اور اخلاقیات پر مبنی فیصلوں کے ذریعے اپنی طاقت کا مظاہرہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کے عوام مشکل حالات کو اپنے حق میں بدلنے کا حوصلہ رکھتے ہیں۔

انہوں نے 1974ء میں بھارت کے جوہری دھماکے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے مختصر مدت میں اپنے مضبوط عزم اور ارادے کی وجہ سے ڈیٹرنس کو برقرار رکھنے کیلئے جوہری ممالک کی فہرست میں اپنا نام درج کرایا، یہ اس بات کا عکاس ہے کہ پاکستانی قوم اپنے مقاصد کے حصول کیلئے معجزے دکھانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

صدر مملکت نے اس یقین کا اظہار کیا کہ پاکستان عصری علوم کی مدد سے عالمی اقوام میں ابھر کر سامنے آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں دیگر ممالک کے خلاف جنگوں کا جواز پیدا کرنے کیلئے جھوٹی خبروں کا سہارا لیا گیا، ماضی میں قوموں کے مابین دشمنیاں جھوٹی خبروں کی بنیاد پر پیدا کی گئیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ عراق میں بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں کی موجودگی کے حوالہ سے غلط رپورٹس کی بنیاد پر لاکھوں بے گناہ لوگ مار دیئے گئے۔

صدر عارف علوی نے کہا کہ اسلام جھوٹی اور غیر مصدقہ خبریں پھیلانے کی سختی سے حوصلہ شکنی کرتا ہے کیونکہ یہ معاشرے میں افراتفری، بے یقینی اور تباہی کا ذریعہ ثابت ہوتی ہیں۔ بھارت میں یورینیم کے غیر قانونی کاروبار کا حوالہ دیتے ہوئے صدر مملکت نے افسوس کا اظہار کیا کہ اس معاملہ پر مصدقہ اطلاعات ہونے کے باوجود اب تک عالمی سطح پر کوئی ایکشن نہیں لیا گیا، یہ صورتحال مختلف ممالک کیلئے دنیا کے ترجیحی اور جانبدارانہ سلوک کی عکاسی کرتی ہے۔

کووڈ۔19 کی صورتحال کے حوالہ سے صدر مملکت نے کہا کہ وبا پر قابو پانے کی کوششوں میں پاکستان کی کامیابی، حکومت کی سمارٹ حکمت عملی اور معاشرے کے غریب و کمزور طبقات کیلئے احساس پر مبنی فیصلوں کے ذریعے ممکن ہوئی۔

صدر عارف علوی نے پاکستان اور دیگر دوست ممالک سے تعلق رکھنے والے ملٹری گریجویٹس کو اپنا کورس کامیابی کے ساتھ مکمل کرنے پر مبارکباد دی۔ نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے صدر لیفٹیننٹ جنرل محمد سعید نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ این ڈی یو نے کورس کے شرکاء میں تنقیدی سوچ اور تحقیق پر مبنی علم کو فروغ دیتے ہوئے خود کو سیکھنے کے اعلیٰ ادارہ کے طور پر ثابت کیا ہے۔ قبل ازیں صدر مملکت نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی سے فارغ التحصیل فوجی افسران کو اسناد عطاء کیں۔