پاکستان عالم اسلام کے مسائل کے حل کے لیے کردار ادا کرتا رہے گا، افغان مسئلہ پر اوآئی سی کے وزرائے خارجہ کے خصوصی اجلاس کا خیر مقدم کرتے ہیں، حافظ محمد طاہر محمود اشرفی

112

اسلام آباد۔30نومبر (اے پی پی):وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی برائے بین المذاہب ہم آہنگی و پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ عالم اسلام کے مسائل کے حل کے لیے پاکستان اپنا بھرپور کردار ادا کرتا رہے گا،

افغان مسئلہ پر اوآئی سی کے وزرائے خارجہ کا خصوصی اجلاس بلائے جانے کا خیر مقدم کرتے ہیں، فلسطین کی صورتحال تشویشناک ہے ، اسرائیل کے مکروہ عزائم کو روکنے کے لیے عالمی اور اسلامی دنیا کو فوری اقدامات اٹھانے ہوں گے۔

یہ بات انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عالم اسلام کی عظیم قوت ہے اور یہ عالم اسلام کے مسائل پر خاموش نہیں رہ سکتا، پاکستان امت مسلمہ کے مسائل کا حل وحدت اور اتحاد کو سمجھتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ افغانستان کی صورتحال عالم اسلام اور عالمی دنیا سے فوری طورپر اقدامات اٹھانے کا تقاضہ کرتی ہے،

سرد موسم میں افغانستان میں انسانی المیہ پیدا ہو سکتا ہے۔حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ مملکت سعودی عرب کی طرف سے او آئی سی کے وزرائے خارجہ کا خصوصی اجلاس بلانے کا فیصلہ وزیر اعظم عمران خان اور سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی باہمی مشاورت کا نتیجہ ہے، پاکستان اس اجلا س کی میزبانی کے ساتھ اس کا بھرپور خیر مقدم کرنے کا اعلان کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان کی صورتحال پر ریاست پاکستان کے تمام ذمہ داران اپنا کردار ادا کر رہے ہیں، افغانستان کے امن کو پاکستان کا امن سمجھتے ہیں، پاکستان کی عسکری و سیاسی قیادت کا موقف واضح ہے کہ افغان عبوری حکومت سے دنیا کو بات چیت کر کے راستہ نکالنا چاہیے، اس اہم مرحلے پر افغانستان اور اس کی عوام کو تنہا نہیں چھوڑنا چاہیے۔

وزیر اعظم کے نمائندہ خصوصی برائے بین المذاہب ہم آہنگی نے کہا کہ او آئی سی کے وزرائے خارجہ کے خصوصی اجلاس کے سلسلے میں پاکستان کی وزارت خارجہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی سربراہی میں تمام اسلامی ممالک کے ذمہ دارن سے رابطے میں ہے، عالم اسلام اور عالمی دنیا افغان صورتحال پر پاکستان کے مثبت کردار کے معترف ہیں۔

حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ اسرائیل کے بعض ذمہ داران مسلمانوں کے مقدسات اور فلسطین کے حوالےسے جو غیر ذمہ دارانہ رویہ اپنائے ہوئے ہیں وہ قابل مذمت اور قابل افسوس ہے، پاکستان اور اہل پاکستان اپنے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ ہیں اور ایک آزاد وخود مختار فلسطینی ریاست کا قیام جس کا دارالخلافہ القدس شریف ہو ہی مسلم امہ کا متفقہ فیصلہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل کے غاصبانہ اور ظالمانہ اقدامات کی وجہ سے خطے کے امن کو خطرات لاحق ہو رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ فلسطین کے مسئلے پر موجودہ حالات میں مملکت سعودی عرب نے جو مؤقف اپنایا ہے وہی امت مسلمہ کی ترجمانی ہے۔