لاہور۔25 دسمبر(اے پی پی ) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ پاکستان عسکری جدوجہد کی بنا پر نہیں طویل سیاسی جدوجہد کی بنیاد پر بنا ‘ قائد اعظم محمد علی جناح نے بے سروسامانی کے باوجود برطانوی سامراج کا مقابلہ کیا اور ان کی تمام جدوجہد سیاسی و جمہوری تھی ‘ اس لئے ضروری ہے کہ ملک میں جمہوری رویوں کو پروان چڑھایا جائے، مخالفین کو مسلم لیگ (ن) کو رگیدنے سے کچھ نہیں ملا البتہ غلط فہمیاں پیدا ہوئیں، ملک میں تبدیلی ضرور آئے گی لیکن وہ صرف ووٹ کے ذ ریعے آئے گی ‘ چند افراد کے فےصلے سے ملک کی تقدیر نہیں بدلے گی، سیاست پر پہرے نہ لگائے جائیں، آزادی سے سیاست کرنا ہر شہری اور جماعت کا حق ہے، دھرنے کی سیاست ملک کو آگے نہیں لے جا سکتی ‘ چوکوں میں عدالتیں لگیں گی تو ملک چنگل بن جائے گا۔ وہ پیر کے روز نصیرآباد میں قائد اعظم کے یوم ولادت اور سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کی سالگرہ کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر خواجہ عمران نذیر ‘ خواجہ احمد احسان ‘ لارڈ میئر لاہورکرنل (ر) مبشر جاوید سمیت دیگر لیگی رہنما بھی موجود تھے۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ اگر ہم ملک کی حفاظت کرنا چاہتے ہیں تو ملک میں آئین ‘ عوام جمہوری حکمرانی کو فروغ دیا جائے اور اسی عظےم مقصد کے لئے مسلم لیگ (ن) جدوجہد کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 3 بار عوام نے محمد نواز شریف اور ان کی جماعت کو اقتدار دیا لیکن تینوں مرتبہ لوگوں کے فیصلے کا مذاق اڑایا گیا اور اسی طرح جب ماضی میں عوامی اکثرےتی فیصلہ نہ مانا گیا تو ملک دو لخت ہو گیا جس کے بعد یہ خیال تھا کہ لوگ سبق سیکھیں گے لیکن ریاستی اداروں نے اپنی روش کو بدلا نہ سیاستدانوں نے سبق سیکھا، جس کے نتیجے میں بعد میں تصادم بھی ہوتے رہے ۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=82631