24.4 C
Islamabad
اتوار, جون 1, 2025
ہومقومی خبریںپاکستان علاقائی تجارت، اقتصادی اصلاحات اور ڈیجیٹل ترقی کے ذریعے پرکشش سرمایہ...

پاکستان علاقائی تجارت، اقتصادی اصلاحات اور ڈیجیٹل ترقی کے ذریعے پرکشش سرمایہ کاری مرکز کے طور پر ابھر رہا ہے، قیصر احمد شیخ

- Advertisement -

اسلام آباد۔30مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری قیصر احمد شیخ نے کہا ہے کہ پاکستان علاقائی تجارت، اقتصادی اصلاحات اور ڈیجیٹل ترقی کے ذریعے ایک پرکشش سرمایہ کاری مرکز کے طور پر ابھر رہا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کاریک انسٹیٹیوٹ کی پانچویں سالانہ ریسرچ کانفرنس کے دوسرے روز خطاب کرتے ہوئے کیا ۔یہ کانفرنس یونیورسٹی آف سرگودھا کے اشتراک سے منعقد ہوئی جس میں اسلامی ترقیاتی بینک، پاکستان سنگل ونڈو، علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی، انٹرنیشنل روڈ ٹرانسپورٹ یونین، سسٹین ایبل ڈویلپمنٹ پالیسی انسٹیٹیوٹ اور دیگر بین الاقوامی اداروں نے شرکت کی۔

قیصر احمد شیخ نے کہا کہ حکومت کاروبار میں آسانی پیدا کرنے کے لئے بھرپور اصلاحات کر رہی ہےجن میں ریگولیٹری فریم ورک کی ڈیجیٹلائزیشن، شفافیت میں اضافہ اور غیر ملکی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی شامل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان بزنس پورٹل جیسے پلیٹ فارمز کے ذریعے کاروباری رجسٹریشن اور لائسنسنگ کے عمل کو سہل بنایا جا رہا ہے۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں مہنگائی کی شرح 38 فیصد سے کم ہو کر تقریباً صفر پر آ گئی ہے جبکہ پالیسی ریٹ 22 فیصد سے کم ہو کر 11 فیصد پر آ چکا ہے جو مستحکم معاشی ماحول کی غمازی کرتا ہے۔وفاقی وزیر نے چین-پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک ) کو علاقائی انفراسٹرکچر اور تجارتی روابط کے فروغ میں سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان وسطی ایشیائی ممالک، چین اور خلیجی ریاستوں کے درمیان ایک قدرتی پل کا کردار ادا کر سکتا ہے۔کانفرنس میں قازقستان کے سفیر یرژان کسٹافن نے بھی شرکت کی جنہوں نے پاکستان کو خطے میں قازقستان کے لئے ایک اہم تجارتی شراکت دار قرار دیا۔

انہوں نے بتایا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم 50 ملین ڈالر سے بڑھ کر 239 ملین ڈالر تک پہنچ چکا ہے جسے 14 ارب ڈالر تک بڑھایا جا سکتا ہے۔مزید برآں ایک علیحدہ پینل سیشن میں ماہرین نے پاکستان کی جغرافیائی اہمیت اور ٹرانزٹ ٹریڈ میں مواقع پر روشنی ڈالی اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ ایک علیحدہ وزارتِ لاجسٹکس قائم کی جائے تاکہ ٹرانسپورٹ اور تجارتی پالیسیوں میں ہم آہنگی پیدا ہو۔

کانفرنس میں مقررین نے بین الاقوامی روڈ ٹرانسپورٹ (ٹی آئی آر ) نظام میں پاکستان کی شمولیت کو سراہا اور کہا کہ اگر اس نظام کو مؤثر طریقے سے نافذ کیا جائے تو پاکستان ایک علاقائی تجارتی مرکز بن سکتا ہے۔قیصر احمد شیخ نے کاریک انسٹیٹیوٹ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ پلیٹ فارم نہ صرف علاقائی تعاون کو فروغ دیتا ہے بلکہ پاکستان کو سرمایہ کاری کے لئے ایک قابل اعتماد اور جدید معیشت کے طور پر پیش کرنے میں مدد دیتا ہے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=603305

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں