اسلام آباد۔28اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور و وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ روس اور پاکستان کے درمیان مختلف شعبوں میں تعلقات قریبی تعاون پر مبنی ہیں، دونوں ملکوں کے درمیان توانائی اور مواصلات سمیت مختلف منصوبوں پر تعاون پر کام ہو رہا ہے، پاکستان علاقائی و عالمی امن و استحکام کیلئے روس کے ساتھ مل کر کام کرنے کا خواہاں ہے ۔
پیر کو سینیٹ اجلاس میں روسی فیڈریشن کی فیڈریشن کونسل کی سپیکر ویلنٹینا آئی مٹوینکو کے خطاب پر اظہار تشکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ روسی فیڈیشن کی سپیکر کا ایوان بالا سے خطاب خوش آئند ہے، ان کے وفد کی ایوان بالا میں آمد اور ان کی میزبانی کرنا اعزاز کی بات ہے، یہ پاک۔روس تعلقات کا بہترین لمحہ ہے، سینیٹ آف پاکستان کی طرف سے معزز مہمانوں کے بات چیت اور مذاکرات پر شکرگزار ہیں جو دونوں ممالک کی دوستی اور باہمی تعاون کا عکاس ہیں، یہ دونوں ممالک کے درمیان بین الپارلیمانی تعلقات کے نئے باب کا آغاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے سینیٹ آف پاکستان اور روس کی فیڈریشن کونسل کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے ہیں یہ معاہدہ دونوں پارلیمان کے درمیان قریبی تعاون کو مزید مستحکم کرنے میں معاون ثابت ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ وفود کے تبادلوں میں سہولت مشترکہ مشاورت اور قانون ساز اداروں کے درمیان مفاہمت میں مدد ملے گی، دونوں ممالک کے درمیان تعلقات باہمی احترام مشترکہ مفادات اور علاقائی امن و استحکام اور معاشی ترقی و خوشحالی کیلئے مشترکہ کوششوں پر مبنی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں دونوں ممالک نے اقتصادی تعاون کے فروغ، ثقافتی تبادلوں اور علاقائی روابط کے فروغ کیلئے مل کر کام کیا، یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان حاصل کئے گئے اہداف پر پیشرفت کا بہترین موقع ہے، اس سے نہ صرف توانائی، تجارت بلکہ تعلیم، ثقافتی تبادلوں سمیت دیگر شعبوں میں تعاون کے فروغ کا موقع ملے گا، پاکستان کے عوام اور حکومت پرامن تعاون اور علاقائی استحکام کی خواہاں ہیں، شنگھائی تعاون تنظیم سمیت مختلف فورم پر ہمارا موقف یکساں ہے۔