پاکستان علما کونسل فیصل آباد کا عام انتخابات میں مسلم لیگ ن کی مکمل حمایت کا اعلان

103
Election 2024
Election 2024

فیصل آباد ۔ 04 فروری (اے پی پی):پاکستان علما کونسل نے اپنے مرکزی قائدین کے فیصلہ کے مطابق8 فروری کے عام انتخابات میں مسلم لیگ(ن) کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ علما کونسل تمام لیگی امیدواروں کی کامیابی کیلئے بھرپور اقدامات یقینی بنائے گی اور اس کے کارکنان گھر گھر جاکر مسلم لیگ کا منشور عوام تک پہنچانے میں بھی اپنا مؤثر کردار ادا کریں گے۔

اتوار کوپاکستان مسلم لیگ(ن)پنجاب کے صوبائی صدر وسابق وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ خان امیدوار قومی اسمبلی حلقہ این اے100 فیصل آباد کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان علما کونسل کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ طاہر الحسن،مرکزی قائدین محمد رفیق،حق نوازخالد،صوبائی صدر طاہر اعوان،پنجاب کے جنرل سیکرٹری قاری اسلم صدیقی و دیگررہنماؤں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں مسلم لیگ(ن) سے بہتر کوئی آپشن نہیں اسلئے علما کونسل کی قیادت نے بڑی سوچ بچار کے بعد ان کی حمایت کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان علما کونسل مسلم لیگ(ن) کی مکمل حمایت کرے گی تاکہ ملک و قوم کے بہترین مفاد میں اس کے امیدواروں کی کامیابی یقینی ہوسکے۔ا س موقع پررانا ثنااللہ خان نے کہا کہ اس وقت ملک کو ایسی قیادت کی ضرورت ہے جو سب کو ساتھ لے کر چلے،ن لیگ نے ہمیشہ مذہبی جماعتوں کا احترام کیا، نواز شریف سینئر سیاست دان ہیں جن کے پاس تجربہ ہے، نواز شریف نے پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا اور مشکل حالات سے نکالا لہٰذاموجودہ ملکی حالات میں ایسی قیادت کی ضرورت ہے جو مسائل کو حل کر سکے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے علمائے کرام کا ہمیشہ احترام کیااور جب جب مسلم لیگ (ن) کی حکومت رہی ہم نے کوشش کی کہ علمائے کرام کے ساتھ بہترین تعلقات رکھیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان علما کونسل کی ہمارے امیدواروں کی حمایت بڑی اہمیت کی حامل ہے جس پر مسلم لیگ پاکستان علما کونسل کی شکر گزار ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان کی علما کونسل کے اراکین سے اپیل ہے کہ ہمارا منشور لوگوں کے گھر گھر تک پہنچائیں اور لوگوں کو قائل کریں کہ وہ مسلم لیگ(ن) کو ووٹ دیں، نواز شریف نے ہمیشہ پاکستان کی ترقی کے لیے کام ،انہوں نے کئی مرتبہ کامیابی سے پاکستان کو لیڈ کیا جبکہ موجودہ ملکی حالات میں بھی ایسی قیادت کی ضرورت ہے جو ملک کو تمام بحرانوں سے نکالے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ایٹمی قوت بننے کے بعد دنیا نے پاکستان کا بائیکاٹ کردیا تھا،لیکن نواز شریف نے ملک کو مشکل حالات سے نکالا۔انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش رہی ہے کہ علما سے تعلقات بہتر رہیں جبکہ علما کی حمایت ہمارے لئے بہت معنی رکھتی ہے نیزہم امید کرتے ہیں کہ علما اپنی تمام توانائیاں مسلم لیگ(ن) کے امیدواروں کیلئے صرف کریں گے۔رانا ثنااللہ نے کہا کہ پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے ایسے میں نواز شریف جیسا لیڈر ہی مسائل کا حل ہے،قوم نے نواز شریف پر اعتماد کیاتووہ ملک کو دوبارہ ٹریک پہ لے آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت سب سے بڑا مسئلہ مہنگائی ہے جس سے جلد نجات حاصل کرلی جائے گی۔انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ8 فروری کو شیر پر مہر لگا کر ہمیں کامیاب کروائیں تاکہ میاں نواز شریف کی قیادت میں ملکی تعمیر و ترقی اور فلاح و خوشحالی کا سفر دوبارہ شروع کیا جا سکے۔