پاکستان علما کونسل کی ایران پر اسرائیلی حملے کی مذمت

49
Tahir Mahmood Ashrafi

لاہور۔13جون (اے پی پی):پاکستان علما کونسل کے چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے ایران پر اسرائیلی حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ یہ حملہ نہ صرف عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے بلکہ عالمی امن کے لیے بھی سنگین خطرہ بن چکا ہے۔ ایران کو عالمی قوانین کے تحت اپنے دفاع کا حق حاصل ہے اور اسرائیل کے اس جارحانہ اقدام سے واضح ہو چکا ہے کہ وہ گریٹر اسرائیل کے منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کے لیے میدان میں آ چکا ہے۔

حافظ طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ اسرائیلی جارحیت پر سعودی عرب کا موقف امت مسلمہ کے جذبات اور سوچ کی بھرپور ترجمانی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس نازک صورتحال میں اسلامی تعاون تنظیم کو فوری طور پر سربراہی اجلاس بلانا چاہیے تاکہ امت مسلمہ ایک متفقہ اور مثر لائحہ عمل طے کر سکے۔حافظ طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ اسرائیل پوری دنیا کے امن سے کھیل رہا ہے اور اس کا یہ حملہ بین الاقوامی سطح پر استحکام کو خطرے میں ڈالنے کے مترادف ہے۔انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل کی اس کھلی جارحیت کا نوٹس لے اور عالمی امن کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے موثر اقدامات کرے۔