لاہور۔29ستمبر (اے پی پی):پاکستان علما کونسل نے 12 ربیع الاول کے موقع پر مستونگ اور ہنگو میں دہشت گردانہ حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ معصوم اور بے گناہ لوگوں پر حملے کرنیوالے اسلام اور پاکستان کے دشمن ہیں۔ جن کا مقصد پاکستان میں بدامنی پھیلانا ہے۔ 12ربیع الاول کے مقدس موقع پر معصوم اور نہتے مسلمانوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنانے والوں کا کوئی مذہب نہیں، وہ انسانیت کے دشمن ہیں۔ بھارت عالمی دہشت گرد تنظیموں کو ڈالر دے کر پاکستان میں بد امنی پھیلانے کی سازشوں میں مصروف ہے۔
ان خیالات کا اظہار چیئرمین پاکستان علما کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی، علامہ عبد الحق مجاہد، مولانا رفیق جامی، مولانا نعمان حاشر، مولانا محمد شفیع قاسمی، علامہ طاہر الحسن، پیر اسد اللہ فاروق، مولانا اسلم صدیقی، قاری عصمت اللہ معاویہ ، مولانا زبیر عابد ، مولانا محمد اسلم صدیقی ، قاری عبد الحکیم اطہر ، مولانا محمد اسلم قادری، مولانا مبشر رحیمی ، مولانا عبدالغفار فاروقی ، مولانا ابراہیم حنفی ، مفتی سید نسیم الاسلام ، مفتی فلک شیر ، مفتی رحمت دین ، قاری کفایت اللہ ، مولانا ناصر حقانی ، قاری فیصل امین و دیگر نے کیا ۔ قائدین نے مزید کہا ہے کہ بھارت ہمارا ازلی دشمن جو ہر وقت پاکستان کو نقصان پہنچانے کے درپے رہتا ہے ایسے دہشت گردی کے واقعات کروا کر ہماری اور دنیا کی توجہ اپنے اندرونی اور بیرونی مسائل سے ہٹانا چاہتا ہے۔ بھارت ہی عالمی دہشت گرد تنظیموں کو ڈالر دے کر پاکستان میں بدامنی کرانے کی سازشوں میں ملوث ہے۔ بھارت اپنا یہ گھناؤنا کھیل صرف پاکستان کیخلاف ہی نہیں کھیل رہا بلکہ اس کی ان سازشوں سے کینیڈا بھی محفوظ نہیں رہا۔ حال میں ہی کینیڈا میں سکھ رہنماوں کو قتل کرنے میں مودی سرکار اور را ء براہ راست ملوث پائے گئے ہیں جسکی وجہ سے اس وقت بھارت دنیا میں ایک دہشت گرد ریاست کے طور پر جانی جاتی ہے۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان ایک طویل عرصے سے بھارت کی ایسی گھناونی سازش کا شکار ہے، بلوچستان کے اندر دہشت گردی کروانے کے نا قابل تردید ثبوت پاکستان پہلے بھی دنیا کو دکھا چکا ہے، کلبھوشن یادیو رنگے ہاتھوں بلوچستان میں دہشت گردی کرتے ہوئے پکڑا جا چکا ہے۔ اور آج بھی بھارت پاکستان میں دہشت گردی کیلئے عالمی دہشت گرد تنظیموں کو استعمال کررہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ریاست پاکستان، سلامتی کے ادارے، سیاسی و مذہبی قائدین اور عوام الناس دشمن کی اس سازش کا مقابلہ کررہے ہیں اور اسے اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔