پاکستان غزہ میں اسرائیلی فضائی حملوں کی شدید مذمت کرتا ہے، دفترخارجہ

88
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے "عوام کے حق خود ارادیت کے عالمی حصول"سے متعلق پاکستان کی قرارداد اتفاق رائے سے منظور کر لی

اسلام آباد۔11مئی (اے پی پی):پاکستان نے منگل کو غزہ میں اسرائیلی فوج کے فضائی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فلسطینی عوام کے انسانی حقوق کی پامالیوں اور طاقت کے صریح استعمال کا ختم کرائے۔ فضائی حملوں کے بعد مسجد اقصیٰ پر حملے کئے گئے جس کے نتیجے میں بچوں سمیت بڑی تعداد میں بے گناہ فلسطینی جاں بحق اور زخمی ہوئے ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ نے منگل کو ایک پریس ریلیز میں کہا ہے کہ نہتے فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی افواج کے اندھا دھند طاقت کے استعمال کے نتیجہ میں فلسطینیوں کی اموات ہوئی ہیں اور لوگ زخمی ہوئے ہیں اور تمام انسانی اقدار اور انسانی حقوق کے قوانین کی خلاف ورزی ہوئی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ فلسطینیوں کی بنیادی آزادیوں پر بڑھتی ہوئی پابندیوں کے بعد رمضان کے مقدس مہینے کے دوران یہ ایک اور قابل مذمت اقدام سامنے آیا ہے اور مسجد اقصی کے اندر اور باہر حملے کئے گئے ہیں ۔

پاکستان کی طرف سے اس موقف کا اعادہ کیا گیا کہ ایک قابل عمل، آزاد اور ملحقہ ریاست فلسطین کا قیام ، جو بین الاقوامی سطح پر متفقہ پیرامیٹرز کی بنیاد پر 1967 سے پہلے کی سرحدوں اور اس کے دارالحکومت القدس الشریف کے ساتھ ہو ، خطے میں پائیدار امن کی واحد ضمانت ہے۔