اسلام آباد ۔ 5 اپریل (اے پی پی) چین میں پاکستان کے سفیرمسعود خالد نے چینی کمپنیوں کوپاک چین اقتصادی راہداری کے تحت قائم کئے جانیوالے خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہاہے کہ پاکستان غیرملکی سرمایہ کاری کیلئے بہترین ملک ہے اورحکومت غیرملکی سرمایہ کاروں کو تمام سہولیات فراہم کررہی ہے۔ انہوں نے یہ بات گزشتہ روز چین کے صوبہ شان ڈانگ کے دوشہروں وی ہی اورجینان کے سرکاری دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی، اس دورے کا اہتمام شنگھائی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل ولادی میرنوروف نے کیا تھا جس میں شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے سفیروں کوشرکت کی دعوت دی گئی تھی۔پروگرام کے تحت سفیروں کو شان ڈانگ وی گاﺅ گروپ آف کمپنیز اوروی ہی ووکییشنل کالج کا دورہ کرایا گیا۔ اس موقع پر سفیروں کی شہری انتظامیہ کے ساتھ ملاقاتیں بھی ہوئیں۔پاکستانی سفیر نے ملک میں غیرملکی سرمایہ کاری کیلئے حکومت کی طرف سے دی جانیوالی سہولتوں اورترغیبات کا تفصیل سے ذکرکیا اورکہاکہ ان کاملک سی پیک کے دوسرے مرحلہ میں زراعت، خوراک کی پراسیسنگ، روزگارکے منصوبوں، پانی کی صفائی، پیشہ وارانہ تربیت اورسیاحت بالخصوص مذہبی سیاحت کے شعبوں میں تعاون کو ترجیح دے گا۔انہوں نے کہاکہ بیجنگ میں دوسرے بیلٹ اینڈ روڈ فورم میں وزیراعظم پاکستان عمران خان شرکت کریں گے۔پاکستانی سفیرنے کہاکہ پنجاب اورشان ڈانگ دوجڑواں صوبے قراردئیے گئے ہیں اورہمیں امید ہے کہ دونوں ممالک کے دیگرشہروں کو بھی اسی طرح کا درجہ ملیگا جس سے دوطرفہ تعاون میں مزید اضافہ ہوگا۔