26.6 C
Islamabad
پیر, مئی 5, 2025
ہومتجارتی خبریںپاکستان غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لئے پر کشش ملک ہے، فن...

پاکستان غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لئے پر کشش ملک ہے، فن لینڈ کے سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات مہیا کی جائیں گی، جام کمال خان

- Advertisement -

اسلام آباد۔5مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا ہے کہ پاکستان غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لئے پر کشش ملک ہے، فن لینڈ کے سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات مہیا کی جائیں گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یہاں مقامی ہوٹل میں منعقدہ 13ویں فن لینڈ-پاکستان بزنس سمٹ کے افتتاح کے موقع پر کیا۔

اپنے خطاب میں وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں گزشتہ ڈیڑھ سال میں ملکی معیشت میں نمایاں بہتری آئی ہے،فراطِ زر میں کمی واقع ہوئی ہے، شرح سود کم ہوئی ہے اور کرنسی مارکیٹ میں استحکام آیا ہے۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے پائیدار اقتصادی ترقی کے لئے بنیاد فراہم کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک ماہ میں تین بڑے ایکسپوز منعقد کئے گئے ہیں جو اس بات کا ثبوت ہیں کہ پاکستان عالمی سطح پر متحرک کردار ادا کر رہا ہے۔ فن لینڈ-پاکستان بزنس کونسل اور اس کے چیئرمین ولی ایئریولا کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے وزیر تجارت نے کہا کہ یہ پلیٹ فارم گزشتہ دہائی سے مسلسل دونوں ممالک کے کاروباری افراد، اختراع کاروں اور اداروں کو ایک ساتھ لانے میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔

انہوں نے پاکستان میں فن لینڈ کے سفیر ہنو ریپاتی کی جانب سے دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے اور ان کو وسعت دینے میں کردار ادا کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔جام کمال نے کہا کہ یورپ خاص طور پر فن لینڈ کی کمپنیوں کے لئے یہ وقت پاکستان کی ابھرتی ہوئی منڈیوں کو دریافت کرنے کا بہترین موقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقامی بازار خطے کے سب سے بڑے بازاروں میں سے ایک ہے مگر اب تک بہت کم دریافت کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی کی منتقلی اور ویلیو ایڈیشن کے ذریعے ہم باہمی فوائد حاصل کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ خوراک کے شعبے میں پاکستان بے پناہ صلاحیت رکھتا ہے،یورپی یونین، بشمول فن لینڈ، ویلیو ایڈڈ فوڈ ایکسپورٹ سے بھرپور فائدہ اٹھا سکتی ہے۔ جدید ٹیکنالوجی اور پراسیسنگ کے ذریعے ہم صرف اس شعبے میں 15 ارب ڈالر کی برآمدات میں آسانی سے اضافہ کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پاس سستی اور محنتی افرادی قوت کا بڑا ذخیرہ ہے اور ملک کی جغرافیائی پوزیشن اسے متعدد خطوں کا گیٹ وے بناتی ہے۔

سمٹ میں فن لینڈ کی ممتاز کمپنیوں جیسے نوکیا، ورٹزیلا، میٹسو اور کون نے بھرپور شرکت کی۔ تقریب میں وزیر تجارت نے فن لینڈ کے تعلیمی نظام کی عالمی ساکھ کو سراہا اور ڈیجیٹل لرننگ، ووکیشنل ٹریننگ اور ابتدائی تعلیم کے شعبوں میں مشترکہ اقدامات کو وسعت دینے کی خواہش ظاہر کی۔

اس حوالے سے فنش گلوبل ایجوکیشن سولیوشنز، یونیسیف اور آغا خان یونیورسٹی جیسے اداروں کے تعاون کو اہم قرار دیا گیا۔ تجارتی اعداد و شمار سے متعلق خدشات پر جام کمال نے کہا کہ اب فن لینڈ کی بہت سی مصنوعات پاکستان کو دیگر ممالک سے تیار ہوکر برآمد ہوتی ہیں، اس لئے روایتی اعدادوشمار مکمل تصویر پیش نہیں کرتے تاہم زمینی حقائق یہ بتاتے ہیں کہ ہمارا تعاون مسلسل بڑھ رہا ہے۔

اس موقع پر فن لینڈ کے سفیر ہنو ریپاتی نے بھی وزیر تجارت کے خیالات سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے بہترین وقت ہے، یہاں کا ماحول مستحکم ہے، افرادی قوت ہنرمند ہے اور مواقع بڑھ رہے ہیں۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=592810

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں