اسلام آباد۔23فروری (اے پی پی):پاکستان فائیو جی ٹیکنالوجی کی دوڑ میں شامل ہو گیا ، 2023 کے وسط میں پاکستانیوں کو جدید فائیو جی ٹیکنالوجی فراہم کردی جائے گی۔ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کے چیئرمین میجر جنرل (ر) عامر عظیم باجوہ نے’’ اے پی پی ‘‘سےخصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں موبائل فون صارفین کو فائیو جی ٹیکنالوجی آئندہ برس وسط میں فراہم ہوجائے گی۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی اے فائیو جی کی دوڑ میں دنیا کے جدید ممالک سے کسی بھی طرح پیچھے نہیں۔ پی ٹی اے نے فائیو جی ٹیکنالوجی کے لئے فریم ور ک تیار کر لیا ہے۔ اپریل میں ٹیکنالوجی کے حصول کے لئے کام شروع کر دیاجائےگا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ فائیو جی ٹیکنالوجی کے لئے کھلے عام بولی دی جائے گی۔ موجودہ کمپنیوں کے ساتھ ساتھ نئے آپریٹرز کو بھی مواقع فراہم کئے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ فائیو جی ٹیکنالوجی کے اجرا سے آن لائن اقتصادی اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان میں ٹیلی کام کے سیکٹر میں خواتین صارفین کی تعداد کم ہے ۔ ہماری کوشش ہے کہ خواتین کو اپنی شناخت کے تحت ٹیلی کام سہولیات کے استعمال کی طرف راغب کیاجائے۔ فائیو جی ٹیکنالوجی کے اجرا سے خواتین اور حضرات یکساں طور پر استفادہ حاصل کر سکیں گے۔