لاہور۔7اپریل (اے پی پی):پاکستان فرنیچر کونسل کا وفد چین میں23 اپریل سے شروع ہونے والے 135 ویں 5 روزہ کینٹن فیئر میں شرکت کرے گا۔
اتوار کو یہاں بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے پی ایف سی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ دورے کا مقصد برآمدی منڈیوں کی تلاش ،دو طرفہ تجارتی تعلقات کے فروغ ،بڑے سٹیک ہولڈرز کے ساتھ کاروباری میٹنگزاور عالمی فرنیچر مارکیٹ میں ابھرتے ہوئے رجحانات و صارفین کی ترجیحات کے بارے میں آگاہی حاصل کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کینٹن فیئر جیسی نمائشوں میں فعال شرکت کا مقصد فرنیچر کے بین الاقوامی تجارتی میدان میں پاکستان کی موجودگی کو بہتر بنانا اور اہم سٹیک ہولڈرز کے ساتھ طویل مدتی شراکت داری قائم کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ایف سی کا یہ اقدام برآمدات کو بڑھانے، غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے اور فرنیچر کے شعبے میں انٹرپرینیورشپ کو فروغ دینے کے پاکستان کے وسیع تر اقتصادی مقاصد سے ہم آہنگ ہے۔
انہوں نے کہا کہ چین کے شہر گوانگ ژو میں منعقد ہونے والے کینٹن فیئر میں دنیا بھر سے مختلف صنعتوں سے ہزاروں نمائش کنندگان اور خریدار شرکت کرتے ہیں،اس قسم کے باوقار ایونٹ میں شرکت پی ایف سی کو بین الاقوامی خریداروں کے سامنے پاکستان کی دستکاری، اختراعات اور فرنیچر کی مصنوعات کی متنوع رینج کی نمائش کا انمول موقع فراہم کرتی ہے۔